رحیم یار خان ( ) آج خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے فیکلٹی اور سٹاف ممبرز میں تعریفی اسناد کی تقسیم کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
گزشتہ چھ ماہ میں تدریس، تحقیق اور ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے والے 100 سے زیادہ فیکلٹی اور سٹاف ممبرز کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے یونیورسٹی کی گذشتہ چھ ماہ کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سے پبلش ہونے والے تحقیقی مقالاجات اور بک چیپٹرز کی تعداد دوگنا سے زیادہ ہو چکی ہے۔ NRPU ریسرچ گرانٹ کے لئے 78 پراجیکٹس جمع کروائے گئے جو کہ گذشتہ سال سے سات گنا زیادہ ہیں۔
آئندہ سمیسٹر میں نئے بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کروائے جا رہے ہیں۔ گورنمنٹ کی طرف سے 208 ملین کی Recurring گرانٹ منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ گورنمنٹ کے احساس سکالر شپ پروگرام کے تحت یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس کے لئے 220 ملین کے سکالر شپ منظور ہوئے۔ آئندہ آنے والے سمیسٹرز میں فارن یونیورسٹیز کے پروفیسرز کے گیسٹ لیکچرز کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ تنخواہوں کی مد میں گورنمنٹ کی طرف سے 240 ملین کی منظوری ہوئی۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ضمن میں یونیورسٹی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے جا رہی ہے۔ ڈویلپمنٹ کی مد میں PC-1 فیز ٹو منظور ہوا جس میں 4 ہاسٹل، مسجد، 10 بسیں، کمیونٹی سینٹر، آئی ٹی ایکویپمنٹ، ڈے کیر سنٹر اور بجلی کی تنصیبات شامل ہیں۔
یونیورسٹی میں وسائل کے بہتر استعمال کے لئے پالیسی وضع کی گئی جس سے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، نیشنل سکل یونیورسٹی اسلام آباد اور MNS یو ای ٹی ملتان کے ساتھ تدریس اور تحقیق کے حوالے سے مفاہمتی یاداشتوں پر سائن کئے گئے۔ ساؤتھ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف سکل ڈویلپمنٹ کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کرنا ہے۔ یونیورسٹی کے گرین میٹرکس انڈیکس کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انٹرنیشنل فزکس کانفرنس کے علاوہ بے شمار غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر نے فیکلٹی اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی فیکلٹی اور سٹاف میں بہت پوٹینشل ہے اگر ترقی کا یہ سفر اسی طرح سے جاری رہا تو عنقریب نہ صرف یونیورسٹی کی رینکنگ بہتر ہو گی بلکہ اس کا شمار پاکستان کی بڑی یونیورسٹیز میں ہو گا۔
Load/Hide Comments