عوامی مفاد سے منسلک زیر التواءمنصوبوں کوتیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

Dated:25-07-2020
ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے کہا ہے کہ عوامی مفاد سے منسلک زیر التواءمنصوبوں کوتیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے نیو جنرل بس اسٹینڈ رحیم یار خان میں1کروڑ35لاکھ کے فنڈز سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کاموں کی منظوری دیتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت قدیر گورائیہ اور محکمہ بلڈنگ کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دستیاب فنڈز سے نیو جنرل بس اسٹینڈ میں واٹر سپلائی، سیوریج، بجلی، ویٹنگ ایریا، کینٹین، لیڈیز اینڈ جینٹس واش رومز سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا کو ہدایت کی کہ وہ تمام پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لئے دو ماہ کے اندر تمام کام مکمل کرائیں جبکہ نیو جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں کو نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد کی جگہ بھی قائم کی جائے۔

انہوں نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ نیو جنرل بس اسٹینڈ میں اپنے دفاتروں (بکنگ پوائنٹس) کی جگہ کے خواہشمند پبلک ٹرانسپورٹ مالکان سے میٹنگ کریں تاکہ انہیں قواعد و ضوابط طے کرتے ہوئے مطلوبہ دفاتر فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ دو ماہ کے اندر تمام کام مکمل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں