سماجی و معاشرتی مسائل کے شکار طبقات کو خوشیوں میں شامل کرنا عید قربان کا حقیقی فلسفہ ہے, ڈپٹی کمشنر

Dated:01-08-2020
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ سماجی و معاشرتی مسائل کے شکار طبقات کو خوشیوں میں شامل کرنا عید قربان کا حقیقی فلسفہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا کا پیغام ہے۔

انہوں نے یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ عید الاضحی کے موقع پر دارالامان رحیم یار خان اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے دورہ پر وہاں مقیم خواتین اور بچوں کو عید الاضحی کی مبارک باد اور گفٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) ریاست علی اور سپرنٹنڈنٹ دارالامان زوبیہ مدثر بھی موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دارلامان میں مقیم خواتین کو حکومت پنجاب رہائش، کھانے سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے خواتین کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کئے اور انتظامیہ کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں سے پیار وشفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عید کی مبارک باددی اور ان میں گفٹس و عیدی تقسیم کی۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان بچوں کی پرورش اور فلاح بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں جبکہ انہوں نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ مستقبل میں ایک خود مختار شہری کی حیثیت سے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کی ضروریات اور آسائش کا مکمل خیال رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں