قدرتی آفات کے واقعات کو کم کرنے میں درختوں کا اہم کردار ہے، ڈپٹی کمشنر

مورخہ09 اگست 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کے واقعات کو کم کرنے میں درختوں کا اہم کردار ہے، شجرکاری ہی گلوبل وارمنگ کے خطرے سے بچانے کا واحد راستہ ہے، درختوں کی کمی کے باعث ماحول کے قدرتی توازن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملک کو گلوبل وارمنگ ، ہیٹ ویوز سے محفوظ ر کھنے کے لئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کو فروغ دے رہی ہے اور اس قومی مہم کے لئے نوجوان نسل کو آگے لایا جا رہا ہے تاکہ وہ اس مہم میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے ارض پاک کو سرسبز و شاداب بنائیں۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعظم ٹائیگر فورس شجر کاری ڈے کے موقع پر ظاہر میں میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیہ، ڈسٹرکٹ سیکرٹر ی گڈ گورننس فورس رانا مسعود مجید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنرز ارشد وٹو، عامر افتخار، ریاست علی، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف ، پی ٹی آئی عہدیداران، ضلعی افسران ، ٹائیگر فورس رضاکاران اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج ضلع میں 3ہزار پودے لگا کر ٹائیگر فورس شجر کاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آج کے دن50ہزارپودے لگا کر اس مہم کا افتتاح کرنا تھامگر حالیہ بارشوں کے باعث مطلوبہ جگہ پر بارشی پانی کے باعث پودے لگانا ممکن نہ رہا جس پر متبادل انتظام کرتے ہوئے ظاہر پیر میں اس تقریب کو منعقد کیا جا رہا ہے۔انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر آج ملک بھر میں35لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ ستمبر2020تک3لاکھ75ہزار پودے اس مہم کے دوران لگائے گی جس کے لئے تمام سرکاری ادار وں کو ٹارگٹ تفویض کر دیئے گئے ہیںجس میں پھل، پھول اور سایہ دار پودے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا خاص حصہ ہمارے نوجوان ہیں جنہوں نے وزیر اعظم ٹائیگر فورس میں خود کو رجسٹرڈ کراتے ہوئے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر فلاح عامہ کے لئے وقف کر دی ہیں اور آج کی اس تقریب میں ہم ٹائیگر فورس کے رضاکاران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کی گئی اور شجر کاری سابقہ حکومتوں کی ترجیحات میں شامل نہیں تھی مگر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان خان بزدار نے اس اہم قومی مسئلہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے شجر کاری کے فروغ کو حکومتی اہداف میں سر فہرست رکھا اور بلین ٹری منصوبے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں شجر کار ی کی جا رہی ہے۔

ضلعی سیکرٹری گڈ گورننس رانا مسعود مجید خان نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس تقریب سمیت شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کےلئے وزیر اعظم ٹائیگر فورس کے رضاکاران کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے بڑی تعداد میں ضلع بھر سے اس تقریب میں شرکت کی اور شجر کاری مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے محفوظ رکھنے کے لئے نہ صرف شجر کار ی کو فروغ دینا ہے بلکہ اس مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی نگہداشت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، ڈسٹرکٹ آفیسر جنگلات نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیہ، رانا مسعود مجید ، پی ٹی آئی رہنماﺅں ، ضلعی افسران اور ٹائیگر فورس کے رضاکاران کے ہمراہ پودے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں