وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک کو سرسبز وشاداب بنائیں گے, سمیع اللہ چوہدری

بہاول پور:09/اگست( )ٹائیگرز فورس شجرکاری ڈے کے موقع پر مرکزی تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور بغداد الجدید کیمپس کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب نور خان بھابھہ، ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری، کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیوم اعظم، تحسین نواز گردیزی، شہلا احسان، کائنات رضا، عذرا شیخ، رابعہ ملک، سمیر املک، جاوید خاں دولت زئی، ریحان بن جاوید، عنایت کریم، بہلول لودھی،کنزرویٹر آف فاریسٹ سعید تبسم، ڈی ایف او لال سہانرا رانا محمد مشتاق، ڈی ایف او توسیع شاہد حمید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عذمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد دلاور خاں، ڈی جی پی ایچ اے آصف لودھی،ٹائیگرز فورس کے رضاکار، سرکاری افسران وملازمین، سماجی و سیاسی کارکنان نے شجرکاری میں حصہ لے کر پودے لگائے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک کو سرسبز وشاداب بنائیں گے۔وزیرا عظم کی ہدایت کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہاول پور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو ممکن بنایا ہے۔ترقی و خوشحالی جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگرز فورس کے رضاکارعمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کاموں کا ہراول دستہ بنے ہیں۔انہوں نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں کے جوش و جذبہ کو سراہا۔صدر پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب نور خاں بھابھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت نے پاکستان کے نقشہ میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھا کر اقوام عالم کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگرز فورس کے رضاکار اور نوجوانوں کے لئے روزگار و کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے اور نوجوان ترقی کے ثمرات سے جلد مستفید ہوں گے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ ٹائیگرز فورس شجرکاری ڈے کے موقع پر ڈویژن بھر میں ایک لاکھ 44ہزار پودے لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پودوں کی نشونما اور دیکھ بھال کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ لگائے گئے پودے آئندہ نسلوں کے لئے ثمرآور ثابت ہوں۔ڈپٹی کمشنر مظفر خاں سیال نے کہا کہ مقامی ماحول کے مطابق پودوں کی اقسام لگائی جا رہی ہیں۔اس سے ماحول میں خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں