یومِ آزادی کے موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا پیغام”

یومِ آزادی کے موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا پیغام

یوم آزادی کے اس موقع پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آج کا دن ہماری قومی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوئی اور دنیا کے نقشے پر ایک نیا اسلامی ملک پاکستان وجود میں آیا۔یہ سب حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت تحریک پاکستان کے کارکنوں جن میں خواتین، بوڑھے، بچے،مزدور، کسان سب شامل تھے۔اُن کی کوششوں کا نتیجہ ہے،۔ جن بدنصیب قوموں کو آزادی کی نعمت نصیب نہیں ہے۔ جو صرف آزادی کے خواب دیکھتے ہیں یا اُس کے لئے برسوں سے ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں، ذرا ان سے پوچھیں کہ آزادی کی قدروقیمت کیا ہے۔کسی آزاد دھرتی پر کسی آزاد وطن میں گزرا ہوا صرف ایک دن غلام سر زمین پر گزارے ہوئے سو برس سے بہتر ہوتا ہے۔جب ہم کہتے ہیں کہ پاکستان ہمارا وطن ہے۔ یہ ہماری دھرتی ہے۔ہم سب کا سرفخر سے بلند ہوجاتا ہے۔زندہ قومیں صرف اُس وقت تک زندہ قومیں شمار کی جاتی ہیں جب انہیں آزادی کی نعمت نصیب ہوتی ہے۔ غلام قوموں کے نہ حال ہوتے ہیں اور نہ مستقبل۔غلام قوموں کا نہ کوئی وطن ہوتا ہے اور نہ کوئی ان کی پہچان۔ غلامی ایک ایسا طوق اور ایسی زنجیر ہوتی ہے جو ہمارے ذہن، ہمارے شعور، ہماری فکر اور ہماری صلاحیتوں کو ملیا میٹ کردیتی ہے۔آزادی ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ ہمیں قوموں کی صف میں سر بلند کرتی ہے۔ آزادی نہ ملی ہوتیتو ہم تاریخ کے صفحات میں آج شاید کہیں بھی نہ ہوتے۔ قوموں کی صف میں ہمارا نام ونشان تک نہ ہوتا۔ہماری زندگی کا نہ کوئی مقصد ہوتا اور نہ ہی مستقبل کے کوئی خواب ہماری آنکھوں میں موجود ہوتے۔ یہ سب آزادی کے بعد ہمیں نصیب ہوا ہے۔
یوم آزادی منانے کا صرف یہ مقصد نہیں کہ ہم ہر طرف چراغاں کریں۔ خوبصورت جھنڈیاں لگائیں اور ظاہری طور پر ملی نغمے گائیں بلکہ آج کا دن ہم سب کو اس میں چھوٹے بڑے سب شامل ہیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم کے فرد ہیں۔ ہمیں ہر وقت اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کر کے زندگی کے ہر میدان میں ترقی کرنی ہے۔آسمان کی بلندیوں کو چھونا ہے،اپنی دھرتی کو پھولوں کی طرح خوبصورت بنانا ہے،اپنے اندر سے نفرتوں کو مٹاتا ہے،قومی یک جہتی کو فروغ دینا ہے۔ یقین،ایمان،تنظیم اور اتحاد کی دولت سے متحد ہو کر اپنے وطن اوراپنی قوم کے لیے ایک نئی تاریخ لکھنی ہے۔ایک ایسی تاریخ جو ہمیں قوموں کی صف میں اور عالمی برادری میں سربلند کر دے۔ اس کے لئے بے حد ضروری ہے کہ سب سے پہلے ہم تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں۔ علم ہی وہ راستہ ہے جو انسانوں کو اپنی پہچان اور اپنے اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لئے روشنی دکھاتا ہے۔

مجھے فخر سے یہ کہنا ہے کہ بہاولپور کی یہ عظیم درسگاہ دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور پچھلے کئی سالوں سے علم کے میدان میں جو ترقی کر رہی ہے وہ اس علاقے،اس علاقے کے نوجوانوں، اس علاقے کے بچوں کے لیے ایک شاندار مستقبل کی ضمانت دے رہی ہے۔ یہی نہیں اس علاقے کے علاوہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک ایسا مثالی تعلیمی ماحول فراہم کر رہی ہے۔ جس پر ہم سب فخر کر سکتے ہیں۔ اس میں میرے ساتھ اس یونیورسٹی کے ہر استاد،ہر ملازم، ہر کارکن کی کوششیں شامل ہیں۔ اگر ہم اور محنت اور کوشش کریں گے تو ہمیں اللہ تعالیٰ اور عظیم کامیابیاں عطا کرے گا۔ آئیے آج کے دن ہم سب عہد کریں کہ ہم سب ملکر ملکی استحکام، قومی ترقی اور خوش حالی، قومی یک جہتی اور وطن سے محبت کے تقاضوں کے عین مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں گے اور اپنی بہترین صلاحیتیں ملکی ترقی کے لئے صرف کریں گے اور قائداعظم محمد علی جناح کی خواہش کے مطابق اس روشن پاکستان کو اور روشن اور تاب ناک بنائیں گے۔ جشن آزادی مبارک
قائد اعظم زندہ باد
پاکستان پایندہ باد

اپنا تبصرہ بھیجیں