اسلامیہ یونیورسٹی کوحالیہ داخلوں کے لیے 78ہزار سے زائد درخواستیں موصول

بہاول پور( ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں حالیہ فال سمسٹر میں داخلوں کے لیے 78ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ یونیورسٹی کو د اخلوں اور ٹیسٹینگ سروس کے ذریعے تقریبا 60ملین روپے سے زائد کی آمدنی متوقع ہے۔ان داخلوں کے بعد یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد35ہزار سے زائد ہوجائیگی جوایک سال کے اندر دو گنا سے بھی زائد ہے۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس نے بڑے پیمانے پر داخلہ مہم چلائی۔ ایڈمیشن پورٹل کی بدولت 115انڈر گریجویٹ اور 63ماسٹر پروگراموں اور ایم فل و پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہوگیا۔ یونیورسٹی نے بہاولپور ڈویژن کی تمام تحصیلوں اور قصبات میں رابطہ آفس قائم کیے تاکہ کوویڈ وبا کے دوران طلبہ و طالبات اور والدین داخلوں کے لیے یونیورسٹی تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔ پہلی میرٹ لسٹ کے آویزاں ہونے کے بعد تمام کیمپسز میں داخلہ لینے والے طالب علموں کے لیے خصوصی سہولت مرکز قائم کیا گیا جہاں پر آنے والے امیدواروں کو تمام معلومات، بینکنگ سروس اور فوٹو سٹیٹ اور دیگر سہولتیں ایک ہی جگہ پر فراہم کی جارہی ہیں۔

وائس چانسلر کی ہدایت پر رحیم یارخان اور بہاولنگر کیمپسز میں طلبہ و طالبات کے لیے خان پور، صادق آباد اور دیگر قصبات سے خصوصی بس سروس چلائی گی تاکہ طلبہ اور ان کے والدین بغیر کسی رکاوٹ کیمپس تک پہنچ کر اپنے داخلے مکمل کرائیں۔ عباسیہ کیمپس میں قائم مرکزی سہولت مرکز میں آنے والے والدین اور طلبہ و طالبات نے انتظامیہ کی جانب سے سہولیات کی فراہمی پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں