عشرہ محرم کے دوران پُر امن فضا ہر قیمت پر قائم رکھی جائے، کمشنر بہاولپور

مورخہ29 اگست 2020
رحیم یار خان( )ڈویژنل کمشنر بہاولپور آصف اقبال چوہدری نے ریجنل پولیس آفیسر زبیر دریشک کے ہمراہ رکن پور میں 9محرم الحرام کے جلوس کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی و دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ڈی پی ا ومنتظر مہدری سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈویژنل کمشنر نے رحیم یار خان کے نواحی علاقہ رکن پور میں9محرم الحرام کے جلوس کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لیا او رکہا کہ عشرہ محرم کے دوران پُر امن فضا ہر قیمت پر قائم رکھی جائے، گذشتہ برسوں سے بڑھ کر سیکورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے مقررہ روٹس اور اوقات کار کی پابندی نہایت اہمیت کی حامل ہے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے امن کمیٹیوں کے ارکان اور منتظمین جلوس و مجالس سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادار ے لاءاینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے الرٹ رہیں۔ریجنل پولیس آفیسر زبیردریشک نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کےلئے پولیس افسران و جوان پوری طرح چوکس ہیں، سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں کسی جگہ کوئی نرمی نہ برتی جائے اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حساس جلوسوں کی برآمدگی سے قبل روٹس کی ٹیکنیکل کلینگ اینڈ سویپنگ یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جار ی ضابطہ اخلاق پر بھر پور عملدرآمد کرایا جا رہا ہے، محرم الحرام کے جلوس ، مجالس اور امام بارگاہوں کے روٹس کو قبل از وقت کلیئر کرایا گیا۔محرم الحرام کے جلوسوں کے حفاظتی و انتظامی اقدامات مکمل اور ممکنہ مسائل کو پیشگی بنیادوں پرممبران امن کمیٹی کے ساتھ مل کر حل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں محرم جلوسوں و مجالس کی حساسیت کا تعین کرکے ان کی درجہ بندی کی گئی ہے اور قیام امن کے لئے ضلع و تحصیل سطح پر ممبران امن کمیٹی و منتظمین جلوس و مجالس سے مکمل رابطہ میں ہیں۔ڈی پی ا ومنتظر مہدی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کیے لئے جامع حفاظتی اقدامات کئے ۔جلوسوں او رمجالس کے اوقات کار کی سختی سے پابندی کی جا رہی ہے، جلوسوں و مجالس کے شرکاءکو تین حفاظتی حصار سے گزارا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن ومان برقرار رکھنے کے لئے تمام ایس او پیر پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے ریجنل پولیس آفیسر زبیردریشک کے ہمراہ ڈی پی او آفس میں قائم کنٹروم روم کا دورہ بھی کیا جہاں پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ڈی پی ا ومنتظر مہدی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر کے جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس کے لئے ضلع بھر میں250سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی کنٹرول رومز میں پولیس، آرمی،رینجرزسمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اور سول اداروں کے نمائندگان بھی 24گھنٹے شفٹوں میں کام کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں