رحیمیارخان ( ) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کےلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے مشینری فنکشنل اور افرادی قوت کو بھی مکمل تیار رکھا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی اور دریائے سندھ منچن بند خانپور میں سیلابی پانی سے متاثرہ بستیوں کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو دیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، محمد یوسف چھینہ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر عبدالستار، ایکسین انہار عبدالستار سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں اور فلڈ پوائنٹس پر محکمہ انہار کی معاونت سے نگرانی کے کام کو مزید موثر بنائیںجبکہ ممکنہ طور پر دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث متاثر ہونے والے مواضعات کے لوگوں کو باحفاظت باہر نکالنے کے اقدامات بروقت کئے جائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں متاثرہ مواضعات کی فہرستیں مرتب کرتے ہوئے مقامی افراد کے نام اور موبائل نمبر حاصل کریں اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہتے ہوئے انہیں دریائی بیلٹ سے باہر نکالنے کے اقدامات کریں اس ضمن میں مقامی اراکان پارلیمنٹ اور عوامی نمائندگان کی مدد بھی حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اس وقت دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تمام محکمے الرٹ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ریلیف کیمپس میں منتقل کرنے کے انتظامات بھی مکمل رکھے جائیں اسسٹنٹ کمشنرز از خود اپنی تحصیلوں میں فلڈ ریلیف کیمپس کے لئے مختص پوائنٹس کا وزٹ کرکے سہولیات کا جائزہ لیں۔انہوں نے دریائے سندھ منچن بند کا چاچڑاں شریف، بستی جنت اور دریائی کٹاﺅ سے متاثر موضع بستی احمد کڈن کا بھی دورہ کیا اور تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بستی احمد کڈن پر عارضی ریسکیو اسٹیشن قائم رکھا جائے ۔اس موقع پر محکمہ انہار کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دریائے سندھ میں اس وقت پانی کا بہاﺅ تقریبا ساڑھے تین لاکھ کیوسک ہے اور آئندہ 24تا48گھنٹوں کے درمیان مزید 1لاکھ کیوسک پانی کی آمد متوقع ہے جس سے دریائے سندھ میں پانی کا بہاﺅ ساڑھے چار لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر خانپور محمد یوسف چھینہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث تحصیل خانپور کے متاثرہ ہونے والے مواضعات میں منادی کرادی گئی ہے کہ عوام کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لئے محفوظ مقامات پر منتقل ہوں جبکہ متاثرہ علاقوں میںریلیف اینڈ ریسکیو اپریشن کے لئے بھی تمام تر اقدامات مکمل ہیں۔
Load/Hide Comments