ضلع میں پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ڈپٹی کمشنر

رحیمیارخان ( ) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے تحفظ کی ویکسین پلا کر ضلع میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

پولیو مہم 21تا25ستمبر تک جاری رہے گی جس دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 9لاکھ70ہزار565بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع میں پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔انسداد پولیو مہم کی تمام تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل ہو نی چاہیے اور گذشتہ راﺅنڈز کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ میں ضلع رحیم یا رخان سے ملحقہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے اضلاع گھوٹکی، کشمور، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور بہاولپور میں بھی پولیو کیس رپورٹ ہو چکے ہیں ۔

پولیو کے مکمل خاتمہ کےلئے متعلقہ سٹاف کو ذمہ داریوں کا بخوبی ادار ک کرایا جائے جبکہ والدین کی آگہی کے لئے تشہیر کے تمام ذرائع استعمال کئے جائیں تاکہ انسداد پولیو کے سو فیصد اہداف حاصل کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں ارکان پارلیمنٹ، علماءکرام، عمائدین علاقہ کو بھی شامل کیا جائے جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے کوئی بس یا ویگن پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نا ہوں اس سلسلہ میں مربوط حکمت عملی وضع کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران غفلت او رلاپرواہی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز براہ راست فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی چیک کریں گے جبکہ محکمہ صحت کے مانیٹرنگ افسران بھی متحرک رہنے چاہیے۔

سی ای ا وڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 9لاکھ70ہزار565پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ یونین کونسل سطح پر مائیکرو پلان تشکیل دیکر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دور ان1972موبائل اور 238فکسڈ ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت، ایریا کوارڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر یاسر نواز، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اسامہ منیر پنسوتہ سمیت دیگر موجو دتھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں