انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب”

بہاول پور( ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور بہاول پورانسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی نے میڈیکل فزکس کے شعبے میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں آج بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اور ڈاکٹر شہاب فاطمی ڈائریکٹر بینو نے اپنے اِداروں کی جانب سے دستخط کیے۔ اس موقع پر طے پایا گیا کہ شعبہ فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی تدریسی اور تحقیقی مقاصد کے لیے اشتراکِ عمل کریں گے۔ بینو جامعہ اسلامیہ شعبہ فزکس کے بی ایس، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کو تحقیقی سہولیات مہیا کرے گی اور ایسے طلبہ وطالبات کو اسناد بھی عطا کی جائیں گی۔ بینو کے افسران اور میڈیکل پروفیشنلز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں درس وتدریس سے مستفید ہو سکیں گے اور لیکچرز بھی دے سکیں گے اور بطور نگران و ممتحنین بھی خدمات سرانجام دیں گے۔ بینو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو مختلف تحقیقی معیارات کے سلسلے میں معاونت بھی کرے گی۔ اس موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور اور بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی کا باہمی تعاون 20سال کے طویل عرصے تک محیط ہے جسے اب باقاعدہ دستاویزی شکل دے کر مربوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے علاقے میں بینو کی خدمات خصوصاً کینسر کے علاج میں جدید طریقہ کار متعارف کرانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر شہاب فاطمی ڈائریکٹر بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی نے وائس چانسلر کے دورے کو سراہا اور کہا کہ مفاہمتی یادداشت سے دونوں اِداروں کے مابین تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ دونوں اِدارے خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق سکریننگ کیمپ اور آگاہی سیمینار بھی منعقد کریں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر کوکب جبین نے بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ڈین فیکل ٹی آف سائنس، پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل، رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، چیئر مین شعبہ فزکس، بہاول پور کینسر سوسائٹی کے عہدیداران سید نسیم جعفری، ڈاکٹر رانا محمد طارق سابق صدر دچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، چوہدری محمد علی سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سول سوسائٹی کے نمائندے اور میڈیا کے افراد موجود تھے۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے ڈاکٹر شہاب فاطمی کے ہمراہ بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف نیو کلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کے لیے فراہم کی گئی جدید ترین طبی سہولیات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں