تربیت یافتہ نرسنگ فورس کے لئے پنجاب میں نرسنگ ڈگری پروگرام لایاجائے گا, وزیراعلیٰ پنجاب

تربیت یافتہ نرسنگ فورس کے لئے پنجاب میں نرسنگ ڈگری پروگرام لایاجائے گا

ٹراما سینٹرز بنانے،ایمرجنسی سروسز اپ گریڈ کرنے، محکمہ صحت میں ای فائلنگ نظام لانے کی تجاویز کا جائزہ
نرسنگ ڈگری کیلئے نجی شعبے کی معاونت بھی حاصل کی جائیگی، پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیاں مشتہر،بھرتی جلدہوگی
وزیراعلیٰ کے حکم پر محکمہ صحت کے حکام کی ادویات کی فراہمی میں تعطل بہت جلد دور کرنے کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،نشتر ٹو پر پیشرفت کا جا ئزہ،بجٹ اوردیگر امورپر تبادلہ خیال
لاہور6 جولائی:پنجاب میں تربیت یافتہ نرسنگ فورس کیلئے نرسنگ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نرسنگ ڈگری پروگرام کیلئے نجی شعبے کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی جبکہ صوبہ بھر میں پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیاں مشتہرہوچکی ہیں،بھرتی جلد شروع ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں نشترٹو کے منصوبے پر پیشترفت کا جائزہ،بجٹ اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صوبہ بھر میں ٹراما سینٹرز کے قیام اورایمرجنسی سروسز کو اپ گریڈ کرنے اورمحکمہ صحت میں روایتی فائل سسٹم کی بجائے ای فائلنگ کا نظام لانے کی تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے فوری طورپر متعلقہ فریقین سے سفارشات طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پرمحکمہ صحت کے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ چند ماہ میں ادویات کی فراہمی سے متعلق تمام تر شکایات کا ازالہ کردیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا،صورتحال کی بہتری کیلئے باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کروں گا۔ہسپتالوں کے دورے کر کے حالات کا خود جائزہ لوں گا اوربہتری کیلئے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔لاہور سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بناکرمریضوں کو ہرسہولت دیں گے۔ پسماندہ اوردوردراز علاقوں میں ہیلتھ سروسز کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری سپیشلائز ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں