ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐ کی تقریبات کے سلسلہ میں دوسرے دن مقابلہ نعت رسول مقبولؐ کا انعقاد”

رحیم یار خان( )ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐ کی تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن جناح ہال میں دوسرے دن مقابلہ نعت رسول مقبولؐ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی۔

طلباء و طالبات نے حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیا، طلباء و طالبات کے والہانہ عقیدت کے اظہار پر ہال کی فضاء درود شریف کے ذکر سے منور رہی۔نعت رسول مقبولؐ کے مقابلوں کی صدارت ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کیu جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی، پی ٹی آئی رہنما چوہدری فاروق وڑائچ، ریاض احمد نوری، ڈاکٹر ماجد خان، راشدہ کامل ودیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو جواب، آپؐ کی تعلیمات کو عام کرکے دیا جائے گا۔ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐکا انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ جس والہانہ انداز سے بچوں نے نبی پاکؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیا ہے وہ قابل تحسین ہے،نعت شریف پڑھنا دراصل رحمت اللعالمینؐ سے اظہار محبت اور دلی وابستگی کا بہترین ذریعہ ہے۔حضور اکرمؐ کی ذات اقدس ہمارے لئے اسوہ کامل ہے۔

ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کی پر نور تقریبات ہمارے لئے نہایت ہی بابرکت ہیں جو ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں ہفتہ بھر جاری رہیں گی۔نعت رسول مقبولؐ کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول کی طالبہ فاطمہ یعقوب، دوسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز کینال سیکنڈری سکول کی طالبہ کائنات رضوان، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج(سکھر اڈا) کی طالبہ سدرہ ذوالفقاراور تیسری پوزیشن بلترتیب گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجویٹ کالج کے طالبعلم بدر ندیم اورگورنمنٹ کمپری ہنسو سکول کے طالبعلم عامر جمیل نے حاصل کی۔نعت رسول مقبولؐ مقابلوں میں منصف کے فرائض پروفیسر محمد ارشد بیگ، جام اسماعیل عامر بھایا اور قاری آصف محمود سعیدی نے انجام دیئے۔