ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے حوصلہ افزاءنتائج سامنے آ رہے ہیں, بابر حیات تارڑ

مورخہ01دسمبر 2020
رحیم یار خان( )سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ نے سپورٹس جمنازیم رحیم یار خان میں منعقدہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا سرپرائز وزٹ کیا۔

انہوں نے اپنے دورہ کے دوران مختلف کاﺅنٹرز پر جاکر عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا اور ریونیو عوامی خدمت کچہری میں آئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے زمینوں سے متعلق مسائل اور ازالہ کے لئے ریونیو افسر ان و عملہ کی کارکردگی بارے در یافت کیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے ڈپٹی کمشنر علی شہزا دکے ہمراہ سٹامپ فروشوں میں ای سٹامپ کارڈ بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت ، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر)ر یاست علی بھی موجو دتھے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تار ڑ نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صو بہ بھر میں ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا مقصد عوام کو ایک چھت تلے زمینی مسائل کے حل کےلئے سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ عوام براہ راست اپنے مشکلات و مسائل سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کر سکیں اور افسران موقع پر ہی عوامی مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے حوصلہ افزاءنتائج سامنے آ رہے ہیں اور عرصہ دارز سے زیر التوا عوامی مسائل فوری حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعل سازی کے خاتمہ اور عوامی ملکیت زمینوں کو محفوظ بنانے کےلئے محکمہ مال میںجدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں ۔سٹامپ فروشوں کو ای سٹامپ کارڈ کا اجراءا ن اقدامات کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ ای سٹامپ کارڈ کے ذریعے سٹامپ فروشوں کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے منسلک کیا جا رہا ہے جس سے ہر سٹامپ کی تاریخ فروخت اور وقت تک معلومات حاصل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی کاکردگی اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کےلئے اعلیٰ افسران کی عوام تک براہ راست رسائی کو یقینی بنایا جائے گا اور ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کی طرز پر مزید اقدامات زیر غور ہیں جبکہ کورونا کے باعث ایمرجنسی حالات میں بھی کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد جاری رکھتے ہوئے عوامی مسائل برق رفتاری سے حل کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں صوبہ بھر کے ضلعی افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوپنجاب بابر حیات تارڑ کو بتایا کہ ضلع میں تسلسل کے ساتھ تحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت کچریاں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو منعقد کی جا رہی ہیں اور گذشتہ دو ماہ میں ضلع کی چاروں تحصیلوں میں872درخواستیں موصول ہوئی جس میں سے802کا فوری ازالہ کیا گیا جبکہ 70جانچ پڑتال کے مراحل میں ہیں جنہیں تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں کورونا سے تحفظ کےلئے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور خدمت کچہریوں میں آنے والے بزرگ شہریوں کی درخواستوں کو ترجیحی بنیاد پر نمٹایا جا رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں