حکومت پنجاب نے شیخ زید ہسپتال فیز ٹو اور کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کی منظوری دے دی”

رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کے لئے صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر انتظامی اداروں اور عوامی نمائندگان کے مستحکم روابط یقینی بنانے کے لئے ضلعی رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جس کا مقصد ارکان پارلیمنٹ اور تمام صوبائی، وفاقی اور بلدیاتی اداروں کے افسران ہر ماہ متعلقہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں سمیت عوامی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں گے۔

یہ بات انہوں نے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، نمائندگان ارکان پارلیمنٹ چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری محمود احمد، چوہدری نعیم شفیق، عاشق پیرزادہ، باﺅ منظور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ڈی ایس پی جاوید جتوئی سمیت تمام صوبائی، وفاقی اور بلدیاتی اداروں کے سربراہان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس کمیٹی کا مقصد ارکان پارلیمنٹ اور اداروں کے مابین روابط کو بہتر بناتے ہوئے بروقت عوامی مسائل کے حل اور جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا ہر ماہ اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مختلف اداروں کی طرف زیر التواءترقیاتی منصوبوں یا مسائل کے حل کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ متعلقہ ادارہ سے متعلق اپنے ترجیحی مسائل تحریری طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ یا اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر کو ہر ماہ کی پانچ تاریخ سے قبل جمع کرائیں گے اور ماہانہ میٹنگ میں ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ ادارہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ حکومت پنجاب نے شیخ زید ہسپتال فیز ٹو کی منظوری دے دی ہے او رجلد اس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا جبکہ کورونا کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بھی شیخ زید ہسپتال کو دی جا چکی ہے اور رواں ماہ کورونا ٹیسٹ لیبارٹری کام کا آغاز کر دے گی۔

اجلاس میں موجود ارکان پارلیمنٹ کے نمائندگان نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کی تشکیل سے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے کمیٹی کے ٹی او آرز بارے ارکان پارلیمنٹ کے نمائندگان اور شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں