رحیم یار خان( )صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں خصوصی افراد کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اس حوالہ سے جلد ہی خصوصی افراد کے لئے ایک ہنر مند پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس سے تربیت پانے والے خصوصی ہنر مند افراد کو فوری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ بات انہوں نے آج میونسپل کارپوریشن رحیم یار خان کے جناح ہال میں خصوصی افراد کی بحالی پروگرام کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خصوصی افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم ان پر کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ ان کا حق ہے جو انہیں ان کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نظام اب درست سمت میں چل پڑا ہے اور جلد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا اور موجودہ طبقاتی نظام اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔انہوں نے بحالی پروگرام کے حوالہ سے کہا کہ ہنر حاصل کرنے کے بعد 50ہزار خصوصی افراد فوری ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل ہو جائیں گے جس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔
صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر پورے صوبہ تک پھیلا دیا گیا ہے جس سے غریب کی عزت مزید مجروح ہونے سے بچ گئی ہے ۔پاکستان ایک نہایت ہی قیمتی ملک ہے جس کے حصول کے لئے ہمارے آباﺅ اجداد نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اب اسے مزید چوروں اور لٹیروں کے ہاتھوں میں نہیں دیا جا سکتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب اپنے محدود وسائل کے باوجود خصوصی افراد کی بحالی، انسداد منشیات اقدامات کی ترقی، خواتین پر تشدد کی روک تھا،، دارالامان کی بہتری، ہنرمندی کا فروغ، یتیم بچوں کی اعلیٰ تعلیم اور محروم طبقات کی آواز کو توانا بنانے کے لئے دن رات مصرو ف عمل ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کے خصوصی افراد کی ترقی کے لئے میں ہر پلیٹ فارم پر نا صرف آواز بلند کروں گا بلکہ ان کے حقوق کی فراہمی تک سکون سے نہ بیٹھوں گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا سجاد احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی 26لاکھ روپے کی رقم آج ضلع بھر کے مستحق خصوصی افراد میں تقسیم کر دی گئی ہے اور مزید رقم کے لئے بھی حکام بالا کو درخواست کر دی گئی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے صنعت زار، دارلامان اور ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سوشل ویلفیئر کے افسران کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے عنقریب سوشل ویلفیئر کے تمام ضلعی محکمہ جات او رمراکز کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔
Load/Hide Comments