رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے تحصیل صادق آبا دمیں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال، کورونا ویکسی نیشن سنٹر، پناہ گاہ اور گندم خریداری مراکز کا دو رہ کیا۔
انہوں نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کلیم یوسف، سی ای ا وڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں ساتھ آئے ورثاءسے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملددرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ ہسپتال میں علاج معالجہ کے لئے آنے والے مریضوں اور ورثاءکو بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے تاکہ طبی عملہ اور مریض کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا باعث نہ بنیں۔
انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹرز و ادویات کی دستیابی اور صفائی کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں نظم و نسق اور طبی سروسز کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے تاکہ شہری حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹر میں آنے والے شہریوں کی رہنمائی کےلئے مزید اقدامات کئے جائیں اور بزرگ شہریوں کوحکومتی ہدایات کے مطابق ویکسی نیشن لگانے کا عمل بلا تعطل جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے صادق آباد میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں کورونا ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں گندم خریداری مراکز صادق آباد کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام گندم خریداری مراکز کے انچارج اپنے اہداف کے حصول کے لئے محنت کریں اور جلد از جلد گندم کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے۔
Load/Hide Comments