کولیسٹرول درحقیقت ایک طرح کا پروٹین ہوتا ہے، جسے لیپوپروٹین کہا جاتا ہے۔ یہ دو طرح کا ہوتا ہے، لو ڈینسٹی لیپوپروٹین (ایل ڈی ایل) اور ہائی ڈینسٹی لیپوپروٹین (ایچ ڈی ایل)۔ یہی وہ چیز ہے، جسے اچھا کولیسٹرول اور بُرا کولیسٹرول کہتے ہیں۔اچھے کولیسٹرول کو ایچ ڈی ایل اور برے کو ایل ڈی ایل کہا جاتا ہے۔اچھے کا کام ہے جسم کے خلیوں کو مضبوط کرنا اور ایل ڈی ایل کے حملوں کو روکنا جبکہ بُرے کا کام ہے ہمیشہ اس کوشش میں لگے رہنا کہ کوئی کام سنورنے نہ پائے۔ایک نارمل آدمی کے جسم میں کولیسٹرول کی مقدارتقریباً 100گرام یا اس سے تھوڑی سی زیادہ ہوتی ہے۔
کولیسٹرول جسم میں بنتا اور جمع ہوتا ہے۔ اس کی مناسب مقدار جسم میں ضروری ہارمونز پیدا کرنے کے لیے اور نظام ہضم میں مدد دینے کے لیے ضروری ہے۔ مختلف قسم کی خوراک مثلاً گوشت، انڈے، دودھ، مکھن اور گھی وغیرہ میں کولیسٹرول کی خاصی مقدار ہوتی ہے، اسی طرح کی غذا کھانے سے خون میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ جب خون میں کولیسٹرول کی مقدار حد سے بڑھ جائے تو پھر یہ خون کی نالیوں کے اندرونی حصے میں جمع ہو کر اور چکنائی کی تہیں بنا کر خون کے عمومی یا معیاری بہائو میں رکاوٹ پیدا کر کے ہارٹ اٹیک کا سبب بن سکتا ہے، جس سے فوری موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے، تو ہمیں کس قسِم کی تبدیلیاں اپنی زندگی میں لانی چاہئیں۔ ہم اپنے طرزِ زندگی میں تھوڑی سی تبدیلیاں لاکر کولیسٹرول کو کافی حد تک کم کرسکتے ہیں۔ چند تجاویز ذیل میں درج کی جارہی ہیں، جن کی مدد سے آپ اپنا کولیسٹرول درست اور دِل کی صحت بہتر کر سکتے ہیںتمام فیٹس بُرے نہیں ہوتے بلکہ ہمارے جسم کو فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنا نظام چلا سکے،
خاص طور پر ہارمونل نظام کو۔ اچھے فیٹس کو unsaturated فیٹس کہتے ہیں ۔ یہ دِل کے لیے مفید ہوتے ہیں اور کولیسٹرول کی سطح کو بہتر کرتے ہیں۔ صحت مند خوراک کے لیے آپ کو ایسا کھانا لیناچاہیے جس میں saturated فیٹس کی نسبت unsaturated فیٹس زیادہ ہوںمثلاً ہر قسم کے میوہ جات، ایواکاڈو، سبزیاں، سرسوں، زیتون ، سورج مُکھی، مکئی کا تیل اور مچھلی کا تیل جیسا کہ سامن اور ٹراؤٹ۔اصول ہے کہ ہمیں اپنی روزمرہ کیلوریز کا 7فیصد سے کم حصہ saturated فیٹس سے لینا چاہیے جبکہ باقی حصہ unsaturated فیٹس سے تاکہ ہم خود صحت مند رہیں اور lipid کی سطح بھی ٹھیک رہے.بہت سے لوگ ورزش سے بھاگتے ہیں، مگر سچ تو یہی ہے کہ اپنی صحت کو برقرار رکھنے، خاص طور پر کولیسٹرول کی سطح کو نارمل رکھنے کے لیے ورزش بہت ضروری ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ لوگ جو زیادہ ورزش کرتے ہیں، ان کا ’گڈ کولیسٹرول‘ زیادہ ہوتا ہے، بہ نسبت ان لوگوں کے جو ورزش نہیں کرتے۔ وزن گھٹانے سے ہی آپ اپنے کولیسٹرول کی سطح کوکم کر سکتے ہیں۔
تحریر :خدیجہ کلیم
ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈآی ٹی