حکومت عطائیت کے خاتمہ کےلئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے,ڈپٹی کمشنر

رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عطائیت کے خاتمہ کےلئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،انسانی جانو ں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، محکمہ صحت عطائی ڈاکٹروں اور بغیر ڈرگ لائسنس و ممنوعہ ادویات کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں کریں۔

یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں عطائی ڈاکٹرز، بغیر ڈرگ لائسنس ادویات کی فروخت اور ممنوعہ ادویات سمیت ڈرگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے نشاندہی کردہ کیسز کی سماعت کرتے ہوئے جاری ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، پروفیسر ڈاکٹرغلام فرید سمیت ڈرگ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ افسران کو ہدایت کی کہ علاج کی آڑ میں بیماریاں بانٹنے والوں کا صفایا ضروری ہے لہذا محکمہ صحت بھرپور کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے عطائیت ، ممنوعہ ادویات کی خریدو فروخت جیسے فعل میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لائے اور اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر ز کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ عطائی ڈاکٹرز ، حکیم اور جعلی پیروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کا آغاز کریں۔انہوں نے کہا کہ کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کا بورڈ لگاکر علاج کرنے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے جبکہ حکومت پنجاب کے ڈر گ ایکٹ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے ڈر گ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 26کیسز بورڈ کے سامنے رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں