یوم شہادت حضرت علیؓ کی تقریبات کو موجودہ حالات کے تناظر میں نہایت سادہ رکھا جائے گا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) شیخ محمد طاہر

رحیم یار خان( )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) شیخ محمد طاہر نے کہا ہے کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کی تقریبات کو موجودہ حالات کے تناظر میں نہایت سادہ رکھا جائے گا، عالمی وباءکورونا نے خطہ کے تمام نزدیکی ممالک کو شدت سے لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور پاکستان میں بھی صورتحال کسی صورت تسلی بخش نہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ملک کر حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر ارسلان اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کے ہمراہ ضلع کی اہل تشیع قیادت سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی ، سید مجید زیدی، آصف نقوی،علمبردار حسین نقوی و دیگر موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ این سی او سی نے کورونا کی موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے وسیع تر ملکی و عوامی مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ یوم شہادت حضرت علیؓ تقریبات کو نہایت سادہ رکھا جائے گا اور ملک بھر میں عزاداروں کے جلوس نہیں نکلیں گے جبکہ مجالس کا اہتمام مکمل ایس او پیز کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

شیخ محمد طاہر نے کہا کہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم ملکر حکومتی حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے اہل تشیع رہنماﺅں سے اپیل کی کہ مجالس میں بھی 18سال سے کم عمر بچوں اور50سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی شمولیت بارے خصوصی اقدام کئے جائیں کہ اس عمر کے بچے و بزرگ مجالس میں شرکت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ مجالس میں بھی شرکاءکی تعداد کو نہایت کم اور ماسک سمیت سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے جبکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہر لمحہ معاونت کے لئے تمام منتظمین مجالس کو دستیاب ہوں گے۔ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر ارسلان نے کہا کہ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاہم تمام منتظمین سے التماس ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنی تقریبات کو نہایت مختصر اور ایس او پیز کے ساتھ ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں