بہاولپور( ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں زرعی تحقیق کے فروغ اور چین کی سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی کے تعاون سے انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کے مرکز کے قیام کے لیے پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کے اقدام کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے ایگریکلچر کمشنر جناب گووین لیانگ نے اس سلسلے میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپو رکے ویژن کی تعریف کی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے بہاولپو رکے نزدیک مکئی اور سویابین انٹرکراپنگ فیلڈز کا دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد علی رضا سے زرعی ترقی کے اس اہم منصوبے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جناب گووین لیانگ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس پیش رفت سے پاکستان میں خوردنی تیل کی پیداوار کے شعبے میں نمایا ں تبدیلی اور خودکفالت کی منزل حاصل ہوگی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں انٹر کراپنگ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے چین کی وزارت زراعت کے ذریعے سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی کے تعاون سے ایک تحقیقی مرکز قائم کیا جائے گا۔مکئی اور سویابین انٹرکراپنگ کا کامیاب تجربہ پاکستان میں بہت مقبول ہورہا ہے۔ اس طریقے سے خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ کرکے قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے اور ملک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات باآسانی پوری ہو سکتی ہیں۔ اسی سلسلے میں جامعہ اسلامیہ سے 20طالب علموں کو بھی پی ایچ ڈی سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا اور چین سے زرعی سائنسدانوں اور محققین اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کریں گے تاکہ تحقیق اور ٹیکنالوجی کا باہمی تبادلہ کیا جا سکے۔امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ سال چین اور پاکستان کی سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جدید ترین تحقیقی مرکز کا قیام دونوں عظیم ہمسایہ ملکوں کی دوستی کی علامت کے طور پر سامنے آئے گا۔ اس مرکز کے قیام کے بعد چینی جامعات اور اداروں سے انجینئرنگ، انفامیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ویٹرنری میڈیسن اور دیگر سائنسی شعبوں میں باہمی تعاون کی نئی راہیں کھولیں گی۔
Load/Hide Comments