پنجاب سند اہتمام اور جانشینی سرٹیفیکیٹس ایکٹ 2021
حکومت پنجاب نےچودہ دفعات پر مشتمل ایک نیا جانشینی کا قانون جاری کیا ہے جس کا نام ہے
The Punjab Letters of Administration and Succession Certificates Act, 2021 (IX of 2021)
اب لوگوں کو مرنے والے کی جائیداد منقولہ و غیر منقولہ کے حصول کے لئے عدالت نہیں بلکہ نادرا کے دفتر سے رجوع کرنا پڑے گا۔
نادرا جہاں لوگوں کے شناختی کارڈ جاری کرتا ہے اب اس کو لوگوں کے مال یعنی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد سے متعلق جانشینی سرٹیفکیٹ بمطابق فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جاری کرنا ہو گا۔
عوام الناس کی درخواست ہائے جانشینی وصول کرنے کے لئے جانشینی سہولت یونٹ بنائے جائیں گے جوکہ نادرا کے دفاتر میں اپنا کاوئنٹر لگائیں گے۔
جیسے ہی کوئی شہری اپنی زمین ،جائیدادیا نقد رقم کسی بنک میں چھوڑ کر فوت ہوگا اس کے وارثان کو عدالت میں جانے کی بجائے نادرا کے دفتر میں درخواست دینی ہوگی۔
اتھارٹی بعداز وصولی درخواست جانشینی دواخبارات ایک انگریزی اور ایک اردو میں اشتہار جاری کرے گی۔
اگر 14 یوم کے اندر کسی شخص نے اعتراض پیش نہ کیا تو بعدازبائیومیٹرک تصدیق اتھارٹی جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کردےگی۔
بائیومیٹرک تصدیق پاکستان یا دنیا کے کسی بھی شہر سے کی جاسکے گی۔
نادرا اتھارٹی کی جانب سے جاری شدہ جانشینی سرٹیفکیٹ ایسے ہی ہوگا جیسے کسی عدالت نے جاری کیاہو۔
اگر کوئی معاملہ دشوار اور پیچیدہ ہوگا یعنی اگر نادرا وارثان کا تعین نہ کر سکے ، کوئی وارث نابالغ ہو یا معاملہ شہادت طلب ہو تو اتھارٹی کے حکم پر وارثان عدالت سے رجوع کرسکیں گے۔
اگر اندر میعاد اتھارٹی نادرا سرٹیفکیٹ جاری نہ کرے تو بھی عدالت سے رجوع کیا جاسکے گا۔
درخواست جانشینی کے ہمراہ وفات سرٹیفیکیٹ متوفی ،وارثان کی تفصیل، وارثان کے شناختی کارڈز کی نقولات، تفصیل جائیداد منقولہ وغیر منقولہ لف کرنی ہوگی۔
اگر وارثان کسی ایک وارث کو درخواست دائر کرنے کا اختیار دیں تو اس کی دستاویز بھی لف کرنا ہوگی۔
تمام درخواست ہائے جانشینی کا آن لائن ریکارڈ رکھا جائے گا۔
جہاں متوفی فوت ہوا ہویا جہاں اس کی جائیدادیا سرمایہ ہوگا وہاں اسی شہر میں درخواست جانشینی دائر ہوسکے گی۔
اگر کسی نے جانشینی سرٹیفکیٹ جاری شدہ پر اعتراض کرنا ہوگا تو قانون کے مطابق اعتراض کرسکے گا۔
ایکٹ کی دفعہ دس کے تحت جانشینی سرٹیفکیٹ کے مقدمات کے سماعت کرنے کا اختیار کسی عدالت کو نہ ہوگا۔
اگر نادرا اتھارٹی سرٹیفکیٹ جاری نہ کرے تو پھرعدالت سے رجوع کیا جاسکے گا۔
ایکٹ کا اطلاق پورے پنجاب پر ہوگا جس کی تاریخ بعد میں بذریعہ پنجاب گزٹ شائع کی جائے گی۔
تحریر۔
ندیم اصغر ندیم سول جج رحیم یار خان