رحیم یار خان () میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کا خصوصی اجلاس چیئرمین میاں اعجازعامر کی زیرصدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا‘
اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی بحالی پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے اظہارتشکر سمیت مختلف قراردادیں پاس‘اجلاس کے موقع پرچیف افسر سمیت تمام افسران غائب‘ میاں اعجاز عامر کی ارکان اسمبلی کو مل جل کر کام کرنے کی دعوت‘ رواں ماہ کے آخر میں بجٹ اجلاس بلانے کا اعلان۔ تفصیل کے مطابق میونسپل کمیٹی رحیم یارخان کا خصوصی اجلاس گزشتہ روز بلدیہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین عبدالطیف بھٹی‘ اپوزیشن لیڈر راجہ سولنگی سمیت 43 کونسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میاں اعجاز عامر نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر آج سے باقاعدہ طور پر بلدیہ کا چارج سنبھال رہے ہیں کیونکہ عدالت عظمیٰ نے پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ کو کالعدم قرار دے کر بلدیاتی ادارے بحال کر دئیے ہیں‘ عدالتی حکم کے بعد کسی حکومتی نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔انہوں نے سرکاری افسران کو متنبہ کیا کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں اور عدالتی حکم کی پاسداری کرنا ان پر فرض ہے‘ وہ کسی فرد یا جماعت کے ذاتی ملازم بننے کی بجائے عوام کی خدمت کریں اور غیر قانونی و غیر آئینی کام بند کر کے عوام کے منتخب نمائندوں کے احکامات پر عمل کریں‘ اب جبکہ بلدیاتی ادارے بحال ہوچکے ہیں تو میونسپل کمیٹی کے فنڈز ہاؤس کی منظوری سے خرچ کئے جائیں ایسا نہ کرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
میاں اعجاز عامر نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کو مشکل وقت میں ثابت قدم رہنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے مخالفین بھی ہماری خدمات کے معترف ہیں‘ ہم نے ہمیشہ بلاتفریق شہر کی بہتری کے لئے کام کیا جس لئے اللہ پاک نے ہمیں عوام کی نظروں میں سرخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے اعتبار سے اس وقت شہر کی حالت دگرگوں ہے‘ شہرکاکوئی پرسان حال نہیں‘ ہر طرف گندگی اور سیوریج کے پانی سے گلیاں محلے بھرے ہوئے ہیں‘ گٹروں پر ڈھکن نہیں جس سے گزشتہ دنوں ایک معصوم اپنی جان سے بھی گیا۔ میاں اعجاز عامر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح صحت و صفائی بالخصوص سیوریج کا نظام بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ آپ اور ہم دونوں عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہیں‘ آیئے مل کی شہر کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح کے لئے کام کریں کیونکہ یہ شہر اور عوام ہم سب کی ہے۔ آخر میں انہوں نے میونسپل آفیسر فنانس کوآئندہ سال کے بجٹ کی تیاری کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آج ہونیوالے اجلاس کی تمام کارروئی اور دیگر احکامات تحریری طور پر افسران کو ارسال کرنے کے ساتھ اس کی رپورٹ سپریم کورٹ کو بھجوائیں گے۔ قبل ازیں میاں اعجاز عامر نے بلدیاتی اداروں کی بحالی پرسپریم کورٹ آف پاکستان سے اظہار تشکر کیا اور مطالبہ کیا کہ عوام نے بلدیاتی نمائندوں کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے لہٰذا بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کروائی جائے۔ کونسلر میاں شاہد اسلام نے چیئرمین‘ وائس چیئرمین پر اظہاراعتماد اور بلدیاتی افسران کے رویے کے خلاف مذمتی قرار دادیں پیش کیں جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔ اجلاس کے آغاز میں فوت ہو جانے والے کونسلرز چوہدری محمد اصغر‘محمد رفیق عباسی‘ محمد رفیق کمبوہ‘ خاتون کونسلر آمنہ بی بی کے مرحوم شوہر کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں عبداللطیف بھٹی‘راجہ سولنگی‘ میاں شاہد اسلام‘ میاں اثمار اکرم‘ میاں عدیل‘ توقیر خان ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
Load/Hide Comments