بہاول پور:28/ جولائی( )کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ چولستان میں ٹڈی دل(Locust)سے تحفظ کے لئے متعلقہ محکمہ جات مربوط حکمت عملی اور ہنگامی بنیادودں پر تمام تر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔
ملحقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکمہ جات بشمول چولستان ترقیاتی ادارہ، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اور محکمہ وائلڈ لائف چولستان میں سخت مانیٹرنگ کریں اور سپرے کرنے پر تعینات ٹیمیں صحرا میں ہی ٹڈی دل کی افزائش کا خاتمہ کردیں تاکہ یہ دیہات میں پہنچ کر فصلوں کے لئے ناگہانی صورتحال پیدا نہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ٹڈی دل سرگرمیوں کے حوالہ سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ویڈیو لنک اجلاس میں ممبر بورڈ آف ریونیو احمد علی، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ملک حمید اللہ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں جمیل احمدجمیل، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا سلیم احمد، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ڈی جی زراعت ڈاکٹر انجم علی، ڈی جی پیسٹ وارننگ ڈاکٹر ظفر یاب حیدر، ڈائریکٹر زراعت جمشید سندھو، ڈی ایف او چولستان محمد مشتاق اور ڈائریکٹر لائیو اسٹاک عامر بخاری سمیت ڈی جی خان و ملتان ڈویژن کے متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
ممبر بورڈ آف ریونیو احمد علی نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ چولستان کے علاقوں بجنوٹ، راہب والا، بلوٹہ، چک نمبر 219، چک نمبر 263 اور دیگر مقامات پر سپرے کر کے لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل کو ختم کیا گیا ہے تاہم حالیہ بارشوں کے بعد ٹڈی دل کی ممکنہ افزائش کا خطرہ موجود ہے۔اس لئے متعلقہ محکمہ جات باہمی ربط سے ٹڈی دل کے خاتمہ کی کاروائیوں کو تیز تر کر دیں اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کو 10ہزار لیٹر سپرے فراہم کیا گیا جس کے استعمال سے چولستان کے بیشتر علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل کا خاتمہ کیا گیا
جبکہ مزید 10ہزار لیٹر سپرے آئندہ چند روز میں مہیا کر دیا جائے گا۔ اجلاس کو مزیدبتایا گیا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے عملہ کو خصوصی تربیت دی گئی ہے جبکہ سپرے کرنے والی ٹیموں کے ساتھ میڈیکل ٹیم بھی فراہم کی جائے گی تاکہ انسانوں اور علاقہ کے مال مویشیوں کو سپرے کے زہر سے محفوظ رکھنے کے حوالہ سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
Load/Hide Comments