رحیم یار خان( )اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقع پر ضلع رحیم یا رخان کی تحصیل صادق آباد کے علاقہ بھونگ میں گذشتہ دنوں شرپسندی کا نشانہ بننے والی ہندو برادری کی مذہبی عبادتگاہ گنیش مندر میں قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آل پاکستان ہندو کونسل کے تعاون سے گنیش مندر میں 11اگست اقلیتی برادری کے قومی تہوار کی بے مثال تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایم این اے اورسربراہ آل پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی تھے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او اسد سرفراز، ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، ریاض احمد نوری ، خواجہ محمد ادریس، بابر زمان، بھیا رام انجم، یدھسٹر چوہان، کانجی رام، گرو سکھ دیو جی، اسسٹنٹ کمشنر یوسف کلیم، ریاست علی سمیت مسلم و ہندو کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے گنیش مندر کے احاطہ میں سبز ہلالی پرچم لہرا کا قومی یکجہتی کا اظہار کیا اور شرپسندی کا نشانہ بننے والے گنیش مندر میں گنیش بھگوان کی پوجا سمیت دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد گنیش مندر کو ہندو برادری کے لئے بحال کر دیا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ وایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ گنیش مندر حملہ کو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے استعمال کرنے والے ہمسایہ ملک کے میڈیا کو آج یہ بھی دکھا نا چاہیے کہ صرف ایک ہفتہ کی قلیل مدت میں گنیش مندر اپنی پہلے سے بہتر حالت میں بحال ہو چکا ہے اور یہ ہی ایک اسلامی جمہوری ریاست کی شناخت ہے کہ جس کے ذمہ داران نے پاکستان کے ایک چھوٹے سے ضلع کے چھوٹے قصبہ میں اقلیتی برادی کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقع کا نا صرف نوٹس لیا بلکہ ذمہ داران کے خلاف فوری قانونی کارروائی اور مند ر کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس افسوسناک واقع کا نوٹس لیتے ہوئے اقلیتی براری کے تحفظ کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے اور آج ہم سب اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقع پر اس سانحہ کے صرف ایک ہفتہ کے اندر ہی جمع ہو کر متاثرہ ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور آج اس تقریب میں مسلم ، ہندو ، عیسائی، سکھ سمیت تمام موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کے تہوار سے منسوب کیا ہے اور 11اگست اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر قائد اعظم کی تقریر نے اس ملک میں رہنے والی اقلیتوں کو اعتماد دیا تھا کہ یہاں بسنے والے مسلم ، ہندو، سکھ ، عیسائی سب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا اور نبی اکرم کی تعلیمات پر عمل کرنے والا کبھی ایسی حرکت نہیں کر سکتا۔حضور نے تو اپنے دور میں بھی مسجد میں ناپاکی کرنے والے کو معاف فرمایا اور محبت و اخلاص سے سمجھایا کہ مسجد، مندر، کلیسا اللہ تعالیٰ کے گھر ہیں اس میں گندگی نہیں پھیلاتے آپ تو اپنے اوپر گندگی پھینکنے والی عورت کی عیادت کے لئے تشریف لے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب شرپسندی کی اجازت نہیں دیتا تمام مذاہب امن، بھائی چارے، رواداری کی تلقین کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو دیکھنا چاہیے کہ پاکستان میں اگر کسی اقلیت کے ساتھ نا انصافی ہوتی ہے تو ریاست اور اس کے عوام اپنے متاثرہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی ملے گی اور اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کرانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقع میں ملوث95افراد گرفتار ہو چکے ہیں اور میں پولیس سے کہتا ہوں کہ کسی بھی بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے اس کے علاوہ جن عناصر نے یہ شرپسندی کی ہے او روہ اپنی حرکت پر شرمندہ ہیں تو جذبہ خیر سگالی اور محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اس پر سنجیدہ غور کریں گے تاکہ اس جگہ کا امن پہلے کی طرح بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ جو خاندان اس حادثہ کی وجہ سے نقل مکانی کر گئے وہ بلا خوف و خطر اپنے گھروں کو واپس آئے یہ ملک آپ کا ہے ہمارا جینا مرنا ادھر ہی ہے یہ گھر ہمارے ہیں، تھے اور رہیں گے آپ کا حق کوئی آپ سے نہیں چھین سکتا ۔انہوں گنیش مندر پر شرپسندانہ حملہ پر ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے پر ممبران امن کمیٹی، مقامی آبادی، ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کریں گے کہ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو پوری محنت و لگن سے نا صرف حملہ آوروں کو گرفتار کیا بلکہ متاثرہ مندر کو نہایت قلیل وقت میں پہلے سے بہتر حالت میں بحال کرکے جذبہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی روشن مثال قائم کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان سب کا ملک ہے ایک افسوسناک واقع پیش آیا مگر اس ملک کے حکمران اور اداروں اور عوام نے متاثرہ ہندوہ برادری کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھائی چارہ اور رواداری کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں اور آج کی تقریب اس کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپاہ کی وردیوں کو رنگ مختلف ہو سکتا ہے مگر اس ملک وقوم کی خاطر ہم سب اپنا سرخ خون بہانے کو تیار ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈی پی او اسد سرفراز کے ہمراہ ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کو یادگاری سوینئر پیش کیا جبکہ اس موقع پر سربراہ ہندوکونسل نے گنیش مندر کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔
Load/Hide Comments