علمائے کرام مذہبی منافرت ختم کرنے کے لئے کردار ادا کریں, صوبائی مشیر صحت

رحیم یار خان( )صوبائی مشیر صحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع میں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسد سرفراز نے مشیر صحت پنجاب کو ضلع میں قیام امن کے لئے اٹھائے گئے انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ریاست علی، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔بعد ازاں صوبائی مشیر صحت پنجاب نے ضلعی کنٹرول روم، لنگر حسینی سے برآمد ہونے والے اے کیٹگری کے جلوس کے روٹس اور پولیس لائن میں جلوس و مجالس کی لائیو ڈرون کوریج کرنے والی وین کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف خان پتافی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار براہ راست محرم الحرام میں سیکورٹی ، عزادار ان کو سہولیات کی فراہمی اور جلوس و مجالس کے روٹس پر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت ہے کہ صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ و پولیس محرم الحرام کے دوران تمام وسائل بروئے کار لا کر فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام مذہبی منافرت ختم کرنے کے لئے کردار ادا کریں اور اخوت و بھائی چارہ کے پیغام کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے حکومت کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہئے جبکہ محرم تقریبات کے حوالہ سے شہریوں کی سہولت کے لئے متبادل ٹریفک منیجمنٹ، جلوسوں ومجالس کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے فعال اور ویڈیو ریکارڈنگ کے علاوہ اضافہ لائٹنگ کے انتظام میں کوئی کمی نہ ہو، بجلی کے متبادل کے طور پر جنریٹرز کا بندوبست رکھا جائے۔ضلع و تحصیل اور تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں سے مکمل رابطہ رکھیں اور معمولی مسئلہ کو بھی فوری افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان ایام میں سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کو ہمہ وقت چوکس رکھنے اور جلوسوں و مجالس کے قریب ریسکیوسروسز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ محرم انتظامات کی مکمل نگرانی کے علاوہ جلوس و مجالس کے روٹس کو کلیئر رکھنے کے لئے سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے۔انہوں نے جلوس و مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداران کو ماسک کے ضروری استعمال یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور منتظمین جلوس و مجالس سے بھی اس ضمن میں تعاون حاصل کیا جائے کہ وہ جلوس و مجالس کے شرکاءکو ماسک کی پابندی یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں محرم انتظامات کی ہر لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے تھانہ و تحصیل سے لیکر ضلعی سطح تک ممبران امن کمیٹی اور منتظمین جلوس و مجالس کے ساتھ رابطہ میں ہیں جبکہ سیکورٹی امور کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کی 3اور پاک آرمی کی دو کمپنیاں بھی فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ضلع بھر میں اے کیٹگری کے جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کے لئے متعدد سہولیات سے آراستہ ضلعی کنٹرول روم فعامل انداز میں کام کر رہا ہے اور محرم الحرام کے اہم جلوسوں کے روٹس و مجالس کے مقامات پر اعلیٰ کوالٹی اور وسیع رینج کے 100سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کنٹرول روم میں حفاظتی و انتظامی امور کی نگرانی کی جا رہی ہے اور کنٹرول روم میں تمام ضلعی و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندگان موجو دہیں۔ڈی پی او اسد سرفراز نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ تمام افسران کو سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ جلوس و مجالس کے اختتام پر آخری فرد کے گھر جانے تک سیکورٹی کو مکمل الرٹ رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر بھر پور عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ عزداروں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ سبیل و لنگر کے حوالہ سے بھی فوڈ اتھارٹی کو متحرک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم سمیت ڈی پی او آفس میں بھی کنٹرول روم فعال ہے او رتمام جلوس و مجالس سمیت ضلع کے اہم داخلی و خارجی راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اے کیٹگری کے جلوس کی ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کے لئے جدید آلات سے آراستہ وین تیار کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں