سانحہ بھونگ گرفتار شرپسند وں کی شناخت پریڈ مکمل‘

رحیم یارخان()سانحہ بھونگ گرفتار شرپسند وں کی شناخت پریڈ مکمل‘ 85شرپسند ملزم نامزد‘10بے گناہ قرار‘انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نامزد ہوجانے والے شرپسندوں کا 10روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔

ذرائع کے مطابق سانحہ بھونگ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی چند روز قبل سول جج محمدشاہد جوئیہ کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ جیل میں شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیاگیا تھا‘ گزشتہ روز ان گرفتار شرپسند عناصر کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت بہاول پور کے جج ناصر حسین کے روبرو پیش کیاگیا جہاں فاضل عدالت کو بتایاگیا گرفتار 95شرپسندعناصر میں سے 10 کی شناخت نہ ہوپائی ہے جنہیں شناخت پریڈ کے عمل کے دوران بے گناہ قرار دیاگیا‘ جس پر فاضل عدالت نے 10بے گناہ قرار پائے جانے والے افراد کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے‘ جبکہ 85نامزد ہوجانے والے شرپسند عناصر کا 10روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں دینے کے احکامات جاری کیئے۔ واضح رہے کہ سانحہ بھونگ میں پولیس کی جانب سے درج کیئے گئے تین مقدمات میں 100سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے95گرفتار شرپسند عناصر کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر فاضل عدالت نے ان گرفتار شرپسند عناصر کی شناخت پریڈ کے احکامات جاری کیئے تھے جس پر سول جج محمد شاہد جوئیہ کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ جیل میں ان شرپسند عناصر پریڈ کاعمل مکمل کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں