عوامی اعتماد میں اضافے اور بڑھتی مقبولیت کے باعث ریونیو عوامی خدمت سروسز کو مہینے میں دو بار منعقد کرنے کا فیصلہ, ڈپٹی کمشنر

رحیم یار خان( ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد ڈپٹی کمشنر آفس میں کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔

ریونیو عوامی خدمت سروسز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی سمیت تحصیلدار، ریونیو افسران، اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے موقع پر عوامی مسائل سننے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر سینئر ممبربورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے حکومت پنجاب کے اس پروگرام پر عوامی اعتماد میں اضافے اور بڑھتی مقبولیت کے باعث ریونیو عوامی خدمت سروسز کو مہینے میں دو بار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یا رخان میں بھی ریونیو عوامی خدمت سروسز ہر ماہ دو مرتبہ منعقد کرکے عوامی مسائل سنے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کے دوران ضلع بھر میں شہریوں کی جانب سے4ہزار865درخواستیں موصول ہیں جس میں سے4ہزار817کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا جبکہ دیگر48درخواستوں پر محکمانہ جانچ پڑتال جار ی ہے۔انہوں نے کہا کہ زیر التواء درخواستوں کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور تمام افسران کو ہدایت ہے کہ ان درخواستوں کو مقررہ مدت میں میرٹ پر یکسو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث شہریوں کو سرکاری سروسز کے حصول میں دشوار ی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا مگر حکومت پنجاب کے اس پروگرام سے شہریوں کو ایک چھت تلے تما م سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور زمینوں سے متعلق سالہا سال سے زیر التواء کیسز بھی ریونیو عوامی خدمت میں آنے کے بعد فوری حل ہو رہے ہیں۔اس پروگرام کی کامیابی کے باعث عدالتوں میں زمینوں سے متعلق کیس بھی شہری باہمی رضامندی سے اس فورم پر لا رہے ہیں تاکہ موقع پر ہی تمام افسران و آفیشلز کی موجودگی میں حقائق کو جانچ کر فیصلہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں