وکلاء اور انتظامیہ ایک گھرانہ کی مانند ہیں اور گھر میں اختلافات ہو جاتے ہیں, ڈپٹی کمشنر

رحیم یار خان( )صدر ڈسٹرکٹ بار سردار فلک شیر گوپانگ کی جنرل سیکرٹر ی مرزا امین خان و دیگر وکلاء کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد سے ان کے دفتر میں ملاقات،

گذشتہ کئی دنوں سے ضلعی انتظامیہ کے خلاف جاری وکلاء ہڑتال کو ختم کرتے ہوئے آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے باہمی مشاورت سے لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ۔صدر ڈسٹرکٹ بار کی دعوت پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کرتے ہوئے بار روم میں وکلاء کمیونٹی سے خطاب کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا سب سے پڑھا لکھا اور جہان دیدہ طبقہ ہے جس کی حالات حاضرہ پر مکمل گرفت ہے اور یہی وہ طبقہ ہے جس نے ہمیشہ حق و سچ اور عوامی مسائل حل کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھاہے

صدر ڈسٹرکٹ بار سردار فلک شیر گوپانگ، جنرل سیکرٹری مرزا امین خان نے جن عوامی مسائل اور سرکاری محکموں میں خرابیوں کی نشاندہی کی ہے ضلعی انتظامیہ پہلے سے ہی ان مسائل کے تدارک اور ادارہ جاتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اچھے اور برے لوگ معاشرے کی ہر فیلڈ میں موجود ہیں ہم نے مل کر اچھے لوگوں کی حوصلہ افزائی اور برے لوگوں کو اپنی صفوں سے باہر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ریونیو کورٹ کے اوقات کار سے متعلق وکلاء کے تحفظات باہمی مشاورت سے ختم کئے جائیں گے اور مشترکہ طور پر ایک لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا تاکہ وکلاء اور انتظامی افسران کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ رجسٹری برانچ سمیت دیگر شعبوں میں شہریوں اور وکلاء کو سہولیات کی فراہمی اور ان شعبوں میں موجود کرپٹ عناصر کے خاتمہ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلد رحیم یار خان میں مستقل رجسٹرار کی تعیناتی ہو جائے گی جس سے مسائل حل ہوں گے جبکہ شہریوں کی سہولت اور بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے بھی جدید ٹیکنالوجی جلد متعارف کرائی جائے گی۔صدر ڈسٹرکٹ بار سردار فلک شیر گوپانگ نے کہا کہ وکلاء اور انتظامیہ ایک گھرانہ کی مانند ہیں اور گھر میں اختلافات ہو جاتے ہیں جبکہ ہمارا واحدمقصد شہریوں اور وکلاء کے حقوق کا تحفظ اور ان کے لئے آسانیاں لانا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد سے تفصیلی ملاقات ہوئی اور ڈپٹی کمشنر کو وکلاء اور شہریوں کو مختلف محکموں میں درپیش مسائل خصوصاً ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ریونیو کورٹ کے اوقات اور طریقہ کار میں ردوبدل کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے تاکہ شہریوں اور وکلاء کے وقت کو بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے رجسٹری برانچ سمیت دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے حوالہ سے جو حکمت عملی بتائی ہے وہ تسلی بخش ہے جس پر عملدرآمد سے بہت سے مسائل کا خاتمہ ہو گا۔جنرل سیکرٹری مرزا امین خان نے کہا کہ ہمارے مسائل ذاتی نہیں بلکہ اجتماعی نوعیت کے تھے جنہیں باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے فراغ دلی سے ہمارے مسائل حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کے لئے نئے چیمبر کا قیام اور اراضی فراہم کرنے کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔اس موقع پر ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری اختر چہور، چوہدری لیاقت علی ایڈووکیٹ،فرحان عامر ایڈووکیٹ، حسان مصطفی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)ریاست علی سمیت وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں