بہاول پورکی تعمیر وترقی کا سفر
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں صوبہ کی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے گراں قدر اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں گزشتہ تین سالوں میں لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد ترقیاتی سکیمیں شروع کرائی گئی ہیں جن کی تکمیل سے عوام الناس ان کے ثمرات سے مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی پروگرام شروع کرائے گئے جن میں روڈز، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن، سیوریج اینڈ ڈرینج، پرانی اور ڈس فنکشنل واٹر سپلائی کی سکیموں کی بحالی، سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی دوبارہ سے تعمیر، سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر، ہیلتھ مراکز میں سہولیات کی فراہمی و بحالی، کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور کھیلوں کی سہولیات و دیگر سکیمیں شامل ہیں۔
کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام I-(CDP-I) کے تحت سال 2018-19ء کے دوران 500ملین روپے حکومت پنجاب کی جانب سے مختص کیے گئے اور36مختلف ترقیاتی سکیمیں شروع کرائی گئیں جو کہ مکمل کی جا چکی ہیں اور علاقے کے لوگ ان سکیموں سے مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی دلچسپی سے بہاول پور ضلع میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرامII (CDP-II)کے تحت سال 2019-20ء کے دوران1700 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے گئے اور اس پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر، سیوریج، واٹر سپلائی، سپورٹس، ہیلتھ، سینی ٹیشن اور دیگر تعمیراتی کاموں کی 160 سکیموں کی منظوری دی گئی جن میں سے اب تک 154ترقیاتی سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی منصوبے تکمیل پا رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ تمام تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل ہوں۔
اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 2020-21 کے تحت ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن، سیوریج، سکولوں کی عمارتوں کی مرمت ودیکھ بھال، اضافی کلاس رومز کی تعمیر، ہیلتھ فیلسٹی میں بہتری لانے، کھیلوں کے میدان قائم کرکے نوجوانوں کو کھیل کی سہولیات اور دیگر تعمیراتی کاموں کے لیے800 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے گئے اور اس سلسلہ میں 82 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہیں۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی بہاول پور نے بہاول پور میں مارخور، کھجور کا درخت اور دیگر ثقافتی مانیومنٹ نصب کیے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے اسی طرح ضلع بھر میں مزید ترقیاتی کام جاری ہیں جس سے عوام الناس مستفید ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کے لیے بھرپوراقدامات کیے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف کردیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز صرف جنوبی پنجاب کے علاقوں میں ہی خرچ ہورہے ہیں۔
کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام نہایت اہمیت کا حامل پروگرا م ہے جس کے تحت خطہ کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جارہا ہے۔ علاقے کے لوگوں کو ان کی خواہش اور ضرورت کے مطابق ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئیں جن میں عوامی نمائندوں اور سیاسی رہنماؤں کی مشاورت شامل ہے۔ ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل کے لیے فیلڈ میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
٭٭٭
تحریر: عابد حسن رضوی
Load/Hide Comments