بہاول پور( )صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کی ترقی کے لیے گزشتہ 3برسوں میں تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اس کی بہترین مثال ہے جہاں تین برسوں کے مختصر عرصے میں طلبا کی تعداد 15ہزار سے 45ہزار تک پہنچ گئی اور اسی طرح اساتذہ کی تعداد 550سے بڑھ کر 1800تک پہنچ گئی۔فیکلٹیاں 7سے 14اور شعبہ جات کی تعداد 48سے بڑھ کر 129ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت جامعات کی ترقی اور معیار تعلیم میں اضافے اور معیار تحقیق کے لیے تمام وسائل اور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ پاکستانی جامعات پہلی مرتبہ قومی اور عالمی رینکنگ میں نمایاں طور پر شامل ہوئیں ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ملک کی 12ویں اور دنیا کی 1000بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے حال ہی میں اپنی جاری کردہ رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی تدریسی تحقیقی کامیابیوں کو بہترین درجہ بندی کی شکل میں ظاہر کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشز ثمن رائے، ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا، سینڈیکیٹ ممبر سمیرا ملک، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، رجسٹرار پروفیسر معظم جمیل، خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر،ڈائریکٹر انفارمیشن ناصر حمید اور دیگر افسران موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے دو نئے کیمپسز منظور کیے گئے ہیں۔جو احمدپور شرقیہ اور لیاقت پور میں قائم ہوئے۔ یہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہے کہ اعلیٰ تعلیم کو مقامی نوجوانوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے اور ان کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔یونیورسٹی میں حکومت پنجاب کی جانب سے 2.5میگا واٹ مالیٹ شمسی توانائی کا منصوبہ فنکشنل ہو گیا ہے جس سے یونیورسٹی کو کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اس موقع پر یونیورسٹی میں جاری تدریسی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طر ف سے 4ارب روپے کے تاریخی میگا پروجیکٹس کی وجہ سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں نئے کیمپسز، نئے تدریسی بلاک اور نئے ہاسٹل تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں خصوصی ٹرانسپورٹ سروس کی بدولت قریبی قصبات کے طلباء طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر کی گی ہے جس کی وجہ سے ان کے ہاسٹل اور دیگر اخراجات میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بہترین مثال ہے جہاں 14ہزار طلباء وطالبات کو 70کروڑ روپے کے وظائف مہیا کیے جا رہے ہیں اور پہلی بار وزیر اعظم احساس پروگرام کے تحت تقریبا 6000سے زائد طلباء طالبات کو میں دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح حکومت پنجاب اور ہائر ایجوکیشن کے وظائف کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور اس علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو وظائف ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ایک خاص مقام حاصل کیا ہے اس پروجیکٹ کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کی وجہ سے سویابین اور مکئی کی مخلوط کاشت کو فروغ دے گی جس سے خوردنی تیل کی مد میں ہونے والی برآمدات میں کمی واقع ہو گی اور اربوں روپے کے ذرائع مبادلہ کی بچت ہو گی۔ اس طرح زرعی معیشت کی بحالی کے لیے اور کپاس کے نئے بیجوں کی دریافت میں بھی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا خاص مقام ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ہونے والی تحقیق کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپو رزرعی معیشت کو بدلنے میں ایک منفرد مقام کو پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی کپاس کی نئی اقسام بلند درجہ حرارت، کم پانی، پتہ مروٹ وائرس اور سفید مکھی جیسے مسائل کا آسانی سے مقابلہ کر رہی ہے اور ملک کے 45سے 50فیصد رقبے پرانہی اقسام کے بیج کاشت کیے جا رہے ہیں۔یونیورسٹی میں جاری داخلہ مہم کے بارے میں بتایا کہ اس وقت تقریبا 1لاکھ 25ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 234پروگراموں کے لیے اپلائی کیا ہے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اپنے بہترین تعلیمی معیار کی وجہ سے ناصرف جنوبی پنجاب بلکہ پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے طلباء طالبات کے لیے ایک مقبول یونیورسٹی بن چکی ہے۔
Load/Hide Comments