ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں کشمیر پر غاصب بھارت کا یوم آزادی ”یوم سیاہ“ کے طور پر منایا گیا

رحیم یار خان( )ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں کشمیر پر غاصب بھارت کا یوم آزادی ”یوم سیاہ“ کے طور پر منایا گیا۔

بھارتی حکومت کے ظلم و بربریت کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلوے چوک رحیم یار خان سے جی پی او چوک تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کی ریلی میں ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری محمد شفیق، عامر نواز خان چانڈیو، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل، ڈی پی او عمر سلامت، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ز میاں غوث، سیٹھ عبدالماجد،مریم بتول سمیت دیگر عہدیداران اور انجمن تاجران کی نمائندگی حاجی اکبر علی شاہین، ممبران ڈویژنل امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، ریاض احمد نوری،صدر ڈسٹرکٹ بار حسان مصطفی ایڈووکیٹ سمیت دیگر سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

یوم سیاہ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ بھارت اپنی تمام تر ظالمانہ اقدامات سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔وزیر اعظم عمران خان نے پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، وزیر اعظم کی جانب سے کشمیر کے حوالہ سے اپنائے جانے والے موقف سے گھبرا کر بھارتی حکومت نے جو آئین شکنی کی ہے یہ اس کی وہ بھیانک غلطی ہے جس سے نہ صرف کشمیر بلکہ بھارت کی دیگر ریاستیں بھی آزاد ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیر کے حوالہ سے اجلاس طلب کر لیا ہے جو حکومت پاکستان کی سفارتی اور عالمی سطح پر کی جانے کوششوں کا نتیجہ ہے۔ایم پی اے چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ بھارت اگر کشمیروں کا آئینی، سماجی اور قانونی حق تسلیم نہیں کرتا تو بھارتی حکومت یہ سمجھ لے کر اب فیصلہ کن مرحلے کا وقت آن پہنچا ہے اور کشمیر کی آزادی تک یہ جدجہد کسی صورت ختم نہیں ہو گی۔ایم پی اے عامر نواز خان چانڈیو نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر پاکستانی قوم اپنی حکومت اور مسلح افواج کے ہمراہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لئے ہر حد تک جائے گی۔

پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر میاں غوث نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا خون کا رشتہ ہے اور ہم اس کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔علامہ عبدالروف ربانی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے پوری قوم متفق ہے اور ہم آزادی کشمیر کے لئے حکومت اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔حاجی اکبر علی شاہین نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان کی تاجر برادری میں کسی صورت پیچھے نہیں رہے گی اور آزادی کشمیر کے لئے حکومتی اقدامات کی پر سطح پر حمایت کرے گی۔ریاض احمد نوری نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کی جو غلطی کی ہے وہ آزادی کشمیر کی جانب پہلا قدم ہے اور انشاء اللہ اب کشمیر آزاد ہو گا۔یوم سیاہ کے موقع پر نکالی گئی

۔ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل اور ڈی پی او عمر سلامت نے ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ سفارتی و عالمی سطح پر حکومت کی جانب سے اپنائے گئے موقف کی بدولت کشمیر کا مسئلہ جلد حل ہو گا۔یوم سیاہ کے موقع پر یکجہتی کشمیر ریلی میں بھارت کا پرچم نذر آتش او رمودی کے پتلے کو جوتے مارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں