رحیم یارخان (سٹاف رپورٹر) وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نااہلی کے باعث ادارہ پر کسی بھی قسم کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے پر 3سال کی پابندی عائد،
فیصل آباد میں منعقد ہونیوالے انٹر یونیورسٹی والی بال ٹورنامنٹ میں غیر طالب علموں پر مشتمل ٹیم بھجوادی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی شکایت پر ہائرایجوکیشن کمیشن کے پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ نے شکایت پر فوری فیصلہ سنادیا۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلیمان طاہر کی نااہلی نے کھیل کے میدان میں بھی ادارہ کو رسوا کروادیا،
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں 4مارچ 2021 سے شروع ہونیوالے ’’انٹر یونیورسٹی والی بال زون ای چیمپئن شپ‘‘ کیلئے بھجوائی گئی ٹیم میں 10 غیر طالبعلم کھلاڑی جن میں احمد خان، عالم زیب خان، طاہر محمود، حسیب اللہ خان، تیمور اعوان، محمد طیب، عثمان علی، طارق جاوید، ظفر اقبال اور محمد احمد شامل ہیں جن کو ٹیم کا حصہ بنادیا جس پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ٹیم نے ’’پروٹیسٹ‘‘ کردیا، انکوائری کے بعد ہائرایجوکیشن کمیشن کے پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ نے اعتراض درست مانتے ہوئے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ناصرف ٹورنامنٹ سے بلکہ آئندہ تین برس کیلئے کسی بھی قسم کی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیدیا،
واقعہ مذکورہ کے بارے میں جب خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ سے موقف معلوم کیا گیا تو انہوں نے ’’آئیں بائیں شائیں‘‘ کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ کو غلط فہمی ہوئی تھی کچھ کھلاڑیوں کا ریکارڈ مکمل نہ تھا اب ادارہ اس پر اپیل میں جارہا ہے۔ عوامی حلقوں نے ملازمین، طلبا، کسانوں کے بعد کھیل کے میدان میں بھی خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ملک بھر میں خطے کی سب سے بڑے تعلیمی ادارے کی رسوائی اور بدنامی کا باعث بننے والے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیمان طاہر کیخلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات اور انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load/Hide Comments