سپریم کورٹ آف پاکستان بلدیاتی اداروں کو پانچ سال کا عرصہ پورا کرنے کا حق دے” میاں اعجازعامر

رحیم یارخان( ) میونسپل کارپوریشن کا اجلاس عام علامہ اقبال لائبریری کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین وکنونیئر عبدالطیف بھٹی نے کی جبکہ چیئرمین میاں اعجازعامر نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں کونسلرز عمرحمید چوہدری کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جس میں بلدیاتی ادارو ں کی بحالی پر سپریم کورٹ آف پاکستان کا شکریہ ادا کیاگیا اور معززعدلیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ تقریبا تین سال تک بلدیاتی اداروں کو معطل رکھا گیا جبکہ عوام نے ہمیں پانچ سال کے لئے منتخب کیا تھا‘ سپریم کورٹ آف پاکستان بلدیاتی اداروں کو پانچ سال کا عرصہ پورا کرنے کا حق لے کر دے تاکہ بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کرسکیں۔ہاؤس نے قرار داد کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کارپوریشن میاں اعجازعامر نے بھی بلدیاتی اداروں کی بحالی پر سپریم کورٹ آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر پہلے کی طرح دن رات شہر نکھاریں گے اور عوام کو ایک بار پھر صاف ستھرا خوبصورت شہر نظر آئے گا۔ میاں اعجازعامر نے کہا کہ بلدیہ کا ادارہ خالصتا عوامی ادارہ ہے جہاں کسی طرح کی سیاست نہیں بلکہ صرف عوام کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اراکین اسمبلی کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ آئیں ہمارے شانہ بشانہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ میاں اعجازعامر نے کہا کہ ہم نے کبھی تعصب یا نفرت کی سیاست نہیں اور نہ آئندہ کسی کے ساتھ فرق کیاجائے گا سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد انجمن تاجران‘ وکلاء‘ علماء کرام‘ میڈیا اور شہریوں کے ساتھ میٹنگ کرکے لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا اور سب کی مشاورت سے شہر میں بہتری کیلئے کام کریں گے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی مطالبہ کیا کہ صفائی ستھرائی کے حوالے عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کریں‘ کچرے کو سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے اکٹھا کرکے دکانوں کے باہر رکھ دیں جسے عملہ صفائی صبح اور شام کے اوقات میں اٹھالے گا۔ شہر میں صبح شام صفائی اور پانی کا چھڑکاؤ کرایا جارہا ہے‘ سٹریٹ لائٹس کو درست کرکے چالو کیاجائے گا اور سیوریج لائنوں کی صفائی کرکے سیوریج کے گندے پانی سے عوام کو نجات دلائیں گے۔ اجلاس سے چیف آفیسر عظمت علی گورائیہ‘ کونسلر عبدالوحید بھٹی‘ راجہ سولنگی‘ چوہدری محمد رفیق‘ میاں اثمار اکرم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سردار عظیم خان سولنگی‘ چوہدری محمد امین‘ چوہدری عبدالواحد‘ رانا محمدامجد‘ خواتین ممبران اور میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں