شہریوں کو پہلے کی طرح صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنا کر دکھائیں گے, میاں اعجازعامر

رحیم یارخان( ) چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامر کی زیرنگرانی شہر میں صفائی مہم جاری‘ لوڈر‘ ٹریکٹرٹرالیوں‘ عملہ صفائی اور مالیوں کی ٹیمیں شہر کے مختلف وارڈزمیں دن رات صفائی ستھرائی کے عمل میں مصروف۔

تفصیل کے مطابق تقریبا اڑھائی سال تک بلدیاتی ادارے معطل رہنے اور عوامی نمائندوں کے نہ ہونے سے صحت وصفائی کے حوالے سے شہر کی حالت انتہائی خراب ہوچکی تھی‘ سیوریج لائنیں بند‘ گلی محلوں میں کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے گندے پانی کے باعث شہری اذیت میں مبتلا تھے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات میں بلدیاتی اداروں کی بحالی اور منتخب عوامی نمائندوں کو اختیارات ملتے ہی شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ اب شہریوں کو پہلے کی طرح صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنا کر دکھائیں گے۔

انہوں نے وائس چیئرمین عبدالطیف بھٹی‘ کونسلرز پر مشتمل اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کا وزٹ کیا اور سینیٹری سپروائزر اور عملہ صفائی کے ساتھ میٹنگ کرکے صفائی کے حوالے سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا۔صفائی مہم کے دوران دستیاب محدود وسائل کے ساتھ شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھرپور کام کیا جارہا ہے۔ لوڈر‘ ٹریکٹرٹرالیوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر اٹھا کر فلتھ ڈپو ختم کئے جارہے ہیں‘ ٹریکٹر بلیڈ کے ذریعے سڑکوں کے اطراف سے مٹی اٹھاکر سڑکوں کی کشادگی بحال کی جارہی ہے جبکہ عملہ صفائی اور سیورمین صبح اور شام کے اوقات میں مختلف وارڈز اور گلی محلوں میں جھاڑو لگاکرصفائی کررہے ہیں جبکہ سیورمین گٹروں کی گار نکال کر سیوریج لائنوں کی صفائی کرکے سیوریج کے پانی کی روانی بحال کررہے ہیں۔

میاں اعجازعامر کی ہدایت پر بلدیہ کے مالی گرین بیلٹس کی درستگی اور درختوں کو چھانگ کر ان کی خوبصورتی کو بحال کررہے ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات میں ٹینکرز کے ذریعے گرین بیلٹس‘ سڑکوں کے اطراف پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامرنے کہنا ہے کہ شہر میں صفائی مہم جاری رہے گی اور عوام کو پہلے کی طرح صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنا کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے پاس مشینری بھی وہی ہے اور عملہ بھی وہی ہے‘ اگر آپ کے اندر کام کرنے کا جذبہ ہوتو کوئی مشکل نہیں کہ شہری مسائل کا خاتمہ نہ ہوسکے۔ علاوہ ازیں میاں اعجازعامر نے کمیٹی روم میں پلاننگ برانچ کے مسائل اور ان کے حل کیلئے میونسپل آفیسر پلاننگ اعجازاقبال اور بلڈنگ انسپکٹرز کے ساتھ میٹنگ کی اور بلڈنگ انسپکٹرز کو کارکردگی میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں