رحیم یار خان ( ) ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہاہے کہ سروس ڈیلیوری اور محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، سرکاری دفاتر میں افسران و ملازمین کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی، ضلع کی تعمیروترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، رحیم یار خان کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کے فروغ کے لیے عملی مظاہرہ کیا۔
ڈی پی او کیپٹن(ر) محمدعلی ضیاء کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے پروگرام”میٹ دی پریس” سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں کے مطابق سرکاری امور کی انجام دہی یقینی بنارہے ہیں، ضلع کے دیرینہ مسائل اور تعمیرو ترقی کے منصوبوں کی کڑی نگرانی کرکے حل کروا رہے ہیں، رحیم یار خان کو خوبصورت اور مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، رحیم یار خان کا میڈیا گلدستے کی مانند ہے جو مثبت انداز میں عوامی مسائل اجاگر کررہاہے،
ڈی پی او کیپٹن(ر) محمدعلی ضیاء نے کہاکہ قانون کی بالادستی ہرصورت یقینی بنائیں گے، ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتربنانے کے لیے تمام ترتوانائیاں صرف کررہے ہیں، عوام قانون کی پاسداری یقینی بنائیں، چوک ماہی واقعہ میں 8سہولت کار پکڑ لیے جبکہ دیگر جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، ضلع رحیم یار خان کو امن کا گہوارہ بناکردم لیں گے، جھوٹے مقدمات درج کرنیوالے افسران کو گھر جانا ہوگا، انہوں نے کہاکہ ہماری پہچان رحیم یار خان ہے کیونکہ یہاں سروس کرکے خدمات سرانجام دیتے ہیں اور اپنے علاقے کے لوگ ہمیں نہیں جانتے لیکن ہماری خدمات کے باعث پوسٹنگ کے علاقوں میں عوام کی طرف سے نیک نامی سے پہچانے جاتے ہیں اور انشاء اللہ رحیم یار خان میں کسی مظلوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی،
قبل ازیں صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب رائو نعمان اسلم اور جنرل سیکرٹری جی ایم حیدر نے ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف اور ڈی پی او کیپٹن(ر) محمدعلی ضیاء کو پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور بتایاکہ رحیم یار خان کے صحافی مثبت صحافت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ریاست علی بھی موجود تھے۔
Load/Hide Comments