رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی ہدایت پر چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں محکمہ زراعت کے افسران او رپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کھاد کمپنیوں اورکھاد ڈیلرز کے گوداموں کی انسپکشن جبکہ ذخیرہ کی گئی 15000یوریا او رڈی اے پی کھاد کی بوریاں بھی تحویل میں لیکر کارروائی شروع کر دی,
خفیہ اطلاع پر ترنڈہ سوائے خان میں ایک نجی گودام میں ذخیرہ کی گئی یوریا کھاد کی 2300بوریاں محکمہ زراعت نے تحویل میں لیکر ذخیرہ اندوز کو موقع سے گرفتار اور مقدمہ درج کروا دیاجبکہ دوسری کارروائیاں تحصیل صادق آباد میں کی گئی جہاں ذخیرہ کی گئی 13ہزار200بوریاں یوریا اور ڈی اے پی کھاد محکمہ زراعت کی تحویل میں لیکر گودام سیل کر دیا۔حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں کاشتکاروں کو کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی ہدایت پر چاروں تحصیلوں میں فرٹیلائزر کمپنیوں اور کھاد ڈیلرز کے گوداموں میں موجود تمام اقسام کی کھادوں کا ریکارڈ جمع کر لیا گیا۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں محکمہ زراعت اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں کھاد کمپنیوں اور ڈیلرز کے گوداموں میں موجودکھاد کا ریکارڈ مرتب کیا اور تمام ڈیلرز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھاد کی خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ رکھیں گے۔
کھاد کی خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں یوریا، ڈی اے پی،این پی سمیت تمام اقسام کی کھادیں کاشتکاروں کی موجودہ ضرورت کے مطابق وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں کھاد کی خرید و فروخت کو سختی سے مانیٹر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام کھاد ڈیلرز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سیل پوائنٹس پر حکومت کی جانب سے کھادوں کے مقرر کردہ نرخوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔کاشتکاروں کی کھاد کی مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے پر انتظامیہ فوری حرکت میں آئے گی اور ایسے ڈیلرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین نے بتایا کہ خفیہ اداروں کی نشاندہی پر ترنڈہ سوائے خان میں نجی گودام سے ذخیرہ کی گئی 2300بوریا یوریا کھاد کی برآمد کی گئی ہے جسے محکمہ زراعت نے اپنی تحصیل میں لیکرعمران نامی مالک کوگرفتار کرواتے ہوئے مقدمہ کا اندراج بھی کر وا دیا گیا ہے اور تحصیل صادق آباد میں ذخیرہ کی گئی 13ہزار200بوری یوریا اور ڈی اے پی کھاد کو تحویل میں لیکر گودام سیل کر دیا گیا۔
Load/Hide Comments