رحیم یارخان( )چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجاز عامر نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی‘ ٹریفک وسیوریج کے مسائل‘ کھلے مین ہول‘ سیوریج سٹاف و مشینری کی کمی‘ کروڑوں روپے کے بقایا جات اور ضلعی انتظامیہ‘ تاجروں وشہریوں کے عدم تعاون کے باوجود میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام صلاحیتیں وسائل بروے کارلائے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہریوں‘ تاجرتنظیموں‘ وکلاء‘ ڈاکٹرز‘ مذہبی جماعتوں‘ میڈیا اور شہریوں کی نمائندہ شخصیات کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین عبدالطیف بھٹی‘ کونسلرز بھی موجود تھے۔ یہ اجلاس شہریوں کو درپیش مسائل اور ان کے بہتر حل کیلئے تجاویز لینے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔میاں اعجازعامر نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے مختصر عرصے میں شہریوں کودرپیش سیوریج اور صفائی کے مسائل کے خاتمے کیلئے جتنا کام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال2007ء میں عملہ صفائی کی تعداد629‘سال 2017ء میں 450اور آج صرف240ملازمین رہ گئے ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سالہ دور میں تھلی سے ملحقہ علاقوں سمیت مین لائنوں کے بار باربیٹھ جانے اور سیوریج لائنوں کی کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بے شمار مسائل پیدا ہوگئے تھے۔
ہم نے چارج سنبھالنے کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات ایک کرکے انہی ملازمین سے کام لیکرمسائل حل کیے اور مزید کام جاری ہے۔ میاں اعجازعامر نے میونسپل کارپوریشن کے نادھندگان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شہریوں کے ذمہ گزشتہ کئی سالوں سے کروڑوں روپے کے بقایا جات ہیں یہ بقایا جات سیوریج واٹر سپلائی ٹیکس‘ دکانات کے کرایہ جات اور نقشہ فیس ودیگر کی مد میں ہیں‘ان کی وصولی نہ ہونے سے کارپوریشن مالی مسائل کا شکار ہے‘ بازاروں میں تجاوزات‘ٹریفک کے مسائل ودیگر مسائل کے لیے تاجروں کے تعاون کی ضرورت ہے مگر دوکاندار اس میں عدم دلچسپی اور لیت ولعل کا مظاہرہ کررہے ہیں جو قابل افسوس ہے اس معاملے میں انجمن تاجران کو اپنا کردار ادا کرنا چاہے۔
میاں اعجاز عامر نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ مین ہولوں سے ڈھکنے چرانے اور پودوں کو اکھاڑنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ دوکان دار اور شہری ان پر نظر رکھیں یہ ذمہ داری جتنی میونسپل کمیٹی پر عائد ہوتی ہے‘شہری اپنی یہ ذمہ داری پوری کردیں تو شہر کو ایک بار پھر صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر کونسلر عبدالوحید بھٹی نے بھی اظہار خیال کیا۔نائب صدر انجمن تاجران عابد باجوہ‘ممبر پنجاب بارکونسل اخترمحمودچہور‘ سردار ظفرخان ترین‘ علامہ عبدالرؤف ربانی‘ رانا شیرافگن‘ قاری شفیق الرحمن‘ صدر ڈسٹرکٹ بار سردار فلک شیرگوپانگ‘ کونسلر آمنہ بیگم‘ ڈاکٹر عبدالماجد‘جنرل سیکرٹری پریس کلب جی ایم حیدر ودیگر نے شہری مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں اور چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
مقررین نے کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم کرے تاکہ یہ ادارے شہری مسائل حل کرسکیں۔ اس موقع چیئرمین اور ان کی ٹیم کی ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی کی ڈاکومٹری ویڈیو دکھائی جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
Load/Hide Comments