رحیم یار خان( ) ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گذشتہ دنوں بہاولپور کی تحصیل میں روڈ حادثہ کے باعث تین معصوم طالبعلموں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کی روشنی میں چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں ایسے تمام تعلیمی ادارے جو قومی شاہراہ سمیت کسی ایسی اہم شاہراہ پر قائم ہیں جہاں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت ہے اسے سکول اوقات کار میں طالبعلموں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء کے ہمراہ اہم شاہرات پر قائم سکولز، ہسپتال اور دیگر عوامی نوعیت کی جگہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع کے ایسے تمام سکولز جو قومی شاہراہ سمیت اہم شاہرات پر قائم ہیں ان سکولوں میں صبح اور چھٹی کے اوقات کار میں بچوں کو بحفاظت سڑک کراس کرانے کے لئے سکولز پرنسپل دو افراد پر مشتمل سٹاف تعینات کریں گے جو سکول آنے اور چھٹی کے اوقات میں گھر جانے والے بچوں کو بحفاظت روڈ کراس کرنے میں معاونت فراہم کریں گے علاوہ ازیں موٹر وئے اور ٹریفک پولیس بھی سکول اوقات کار میں ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو آبادی یا سکول کے نزدیک سپیڈ کم کرنے اور ڈرائیورز کوآگہی فراہم کرنے کے حوالہ سے فوری اقدامات کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہائی ویز کو بھی ہدایت کی کہ وہ ایسے تمام سکولز جو اہم شاہرات پر موجود ہیں ان کے اطراف میں کیٹ آئیز لگائے گے تاکہ تعلیمی اداروں کے نزدیک گاڑیاں کم اسپیڈ سے گزریں۔انہوں نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تمام سکولز میں بچوں کو روڈ سیفٹی اور روڈ کراس کرنے کے حوالہ سے آگہی فراہم کرنے کے لئے موٹر وئے اور ٹریفک پولیس سے مل کر سیشن کا اہتمام کریں تاکہ موٹر وئے اور ٹریفک پولیس کے ماہرین بچوں کو روڈ پر سفر اور کراس کرنے کے حوالہ سے تربیت فراہم کریں اور بعد ازاں سکول اساتذہ روزانہ بچوں کو اس پر عمل درآمد کرنے کے حوالے سے لیکچرز دیں۔
ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد علی ضیاء نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام ایس ڈی پی اوز اور ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور دیگر ایسے مقامات جہاں بچوں اور بزرگ شہریوں کی آمدو رفت زیادہ ہے وہاں ٹریفک کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے مقامی اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹال پلازہ، چیک پوسٹس پر ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو آگہی پمفلٹس فراہم کئے جائیں جس میں اس روڈ پر قائم عوامی مقامات کی تفصیلات درج اور ڈرائیورز کو سپیڈ کم رکھنے کی ہدایات درج ہوں۔اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے شادیوں میں ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز تمام میرج ہال/مارکیز میں ون ڈش اور رات 10 بجے تک فنکشن ختم کرنے کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں ہوٹل انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی سمیت بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔علاوہ ازیں شادیوں یا دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا خلاف ورزی پر اس پر بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی، ڈی ایس پی ٹریفک،ڈی ایس پی موٹر وئے پولیس، انچارج سیکورٹی، سی ای ا وایجوکیشن اتھارٹی رانا نویداختر، ایکسین ہائی ویز، ایکسین بلڈنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالج سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments