رحیم یار خان ( ) ایم فائیو موٹر وے پر حفاظت کیلئے بنائی گئی پولیس چوکی نمبر 109 پر نامعلوم ڈاکوؤں کا حملہ‘ فائرنگ سے ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار جاں بحق‘ واقعہ کے بعد ڈاکو باآسانی فرار‘
پولیس کی بھاری نفری کا تعاقب‘ لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا‘ کارروائی شروع۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سے پیوستہ شب سی پیک ایم فائیو موٹر وے پر اوباڑو کے قریب قائم پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار سجاد علی ملک اندھی گولیوں کا نشانہ بنا جسے فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا اور فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن سجاد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا‘ مقتول کو سینے میں چھ سے آٹھ گولیاں لگی ہوئی تھیں۔ بعدازاں ضروری قانونی کارروائی اور مارٹم کے بعد پولیس اہلکار کی لاش کو گھر منتقل کیا گیا۔ متوفی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا‘ دیکھنے والی آنکھ اشکبار اور ور شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔ دوسری جانب اطلاع ایس ایس پی گھوٹکی اظہر مغل کو دی گئی جس پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوؤں کے تعاقب میں پولیس کی بھاری نفری روانہ کردی گئی۔ اطلاعات کے مطابق تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی گھوٹکی۔ پولیس ترجمان افتخار احمد کے مطابق شہید ہونے والے پولیس اہلکار کا تعلق گھوٹکی سے ہے اور ایک ہفتہ قبل اس کی شادی ہوئے تھی۔