رحیم یارخان( ) غیرت کے نام پر قتل ہونے والی چارخواتین کی نعشیں 24گھنٹے بعد پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے،
اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی مدعیت میں 6افراد کے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کامقدمہ درج، قتل کی واردات میں ملوث ایک اورملزم گرفتار، تعداد4ہوگئی،دیگردو ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے گھروں پر چھاپے جاری، قتل ہونے والی خواتین سپردخاک، علاقہ بھرکی فضا دن بھر سوگوار رہی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ سے پیوشتہ شام بستی خاناں موضع ترنڈہ صاحب یارکے رہائشی زاہد حسین، شاہد حسین جوکہ حقیقی بھائی ہیں کہ بیٹیاں سائرہ بی بی اور سدرہ بی بی نے 7یوم قبل برابطہ آشنائی گھر سے بھاگ کر نکاح کرلئے تھے، جس کا بھائیوں باپ اور دیگرملزمان کو شدید رنج تھا، گزشتہ سے پیوشتہ روز ملزمان سائرہ اورسدرہ کواحاطہ عدالت سے گاڑی میں بیٹھا کر گھر لے گئے اور ملزمان زاہد حسین، ساجد حسین،سلمان،شاہد حسین،غلام نبی اوراکمل نے ہم صلح ہوکر دونوں کو قتل کرنے کی غرض سے فائرنگ کی ملزمان کوشبہ تھا کہ بھابھی نعیمہ،ثمن بی بی اورسلمی بی بی بھی نکاح کرنے میں شامل ہیں، فائرنگ کی زد میں سائرہ بی بی، نعیمہ، سلمی اور ثمن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑگئی جبکہ سدرہ شدید زخمی جبکہ والد شاہد حسین جوکہ ملزمان کے ہمراہ تھا معمولی زخمی ہوا تھا، دونوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
پولیس نے رات گئے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمدرمضان کی مدعیت میں 6ملزمان کے خلاف قتل اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کامقدمہ درج کرلیا، جبکہ پولیس نے موقع واردات سے تین ملزمان ساجد حسین، سلمان اور زاہد کو موقع سے ہی گرفتارکرکے آلہ قتل برآمدکرلیا تھا جبکہ گزشتہ روز معمولی زخمی ہونے والے شاہد حسین کوبھی گرفتارکرلیاگیاجبکہ دو ملزمان غلام نبی اوراکمل کی گرفتاری کیلئے پولیس گھروں میں چھاپے مارنے میں مصروف ہے، دریں اثناء قتل ہونے والی چاروں خواتین کی نعشیں پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردی، جنہیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیاگیا ہے۔ملزمان کی جانب سے قتل کی ہولی کھیلے جانے پر علاقہ بھرکی فضا تاحال سوگوار ہے۔