Dated:05-10-2019
اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جناح ہال میں سٹار ٹیچرز ایوارڈ تقریب کا اہتمام کیا گیا
جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل تھے جبکہ ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر سی ای ا وایجوکیشن اتھارٹی چوہدری محمد اکبر، ڈی اوز ملک مختار حسین، میڈم شہباز چوہدری، راشدہ کامل، طیبہ انصر سمیت ضلع بھر کے تعلیمی ادارو ں میں بہترین امتحانی نتائج دینے والے اساتذہ اور پرنسپل نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ مشترکہ اور مخلصانہ کوششوں سے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بناکر مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں اور یہ فریضہ ہمارے قابل احترام اساتذہ کرام سے بہتر کوئی انجام نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور سب سے زیادہ فنڈز اسی شعبہ کے لئے رکھے گئے ہیں جبکہ ضلعی سطح پر بھی تمام اداروں سے زیادہ توجہ محکمہ ایجوکیشن پر ہے کیونکہ اسی شعبہ سے ہماری آئندہ نسل کا مستقبل وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مسجد مکتب سے لیکر ہائی سکولز تک تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو سہولیات پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ضلع میں تین کالجز مکمل جبکہ دو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ریسکیو1122کے چیلنجز مقابلوں میں جانے کا اتفاق ہوا اور ہمارا سر فخر سے بلند ہو گیا کہ ہمارا ہر ایک جوان تیراکی، فائر فائٹنگ، ڈرائیونگ سمیت تمام شعبوں میں بے مثال ہے اسی طرح کا آل راﺅنڈز جذبہ اساتذہ میں چاہیے کہ کسی بھی شخص یا ادارے کو ان کی مانیٹرنگ کرنے کی ضر ور ت نہ ہو وہ خود ہی اپنے ادارہ کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کرام خود کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے طلباءو طالبات کو تعلیم فراہم کریں اور ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکار ی تعلیمی اداروں سے وابستہ اساتذہ کو جو مراعات حاصل ہیں نجی اداروں کے اساتذہ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے تاہم جو مسائل درپیش ہیں انہیں مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ دو نئی ایک پاکستان جس کا مطلب ہے کہ اس ملک میں بسنے والے ہر شہری کو یکساں سہولیات میسر ہوں اور تیزی سے موجودہ حکومت اپنے اہداف حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں کے مسائل فوری حل نہیں ہو سکتے حکومت نے اپنی سمت کا تعین کر لیا ہے اور انشاءاللہ پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلایا جائے گا۔
انہوں نے پاکستانی قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ اور تربیت فراہم کرنے پر اساتذہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔قبل ازیں سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری محمد اکبر نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے ضلع رحیم یار خان میں تعلیمی اہداف اور ا ن کے حصول کے لئے محکمانہ کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ کے ہمراہ بہترین امتحانی نتائج دینے والے اساتذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں