07اکتوبر2019
رحیم یار خان( )ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام عباسیہ سپورٹس کمپلیکس میں چولستان بلائنڈ کرکٹ ٹرافی کاآغاز ہو گیا۔
چولستان کرکٹ لیگ میں ملک بھر سے بلائنڈ کرکٹ ٹیمیں اور کھلاڑی شریک ہیں۔چولستان بلائنڈ کرکٹ ٹرافی کا افتتاح چیئر مین ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی/ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کیا اس موقع پر سید سلطان شاہ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل، محمد اظہر ڈائریکٹر بلائنڈ کرکٹ کونسل پاکستان ، سید سلمان بخاری ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلائنڈ کرکٹ کونسل پاکستان، اعجاز احمد سینئر وائس پریذیڈنٹ ریجنل بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد خان،، عبدالرزاق کوچ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ سپیشل پرسن ہمارے دل کے نہایت نزدیک ہیں جنہوں نے اپنی قدرتی جسمانی کمی کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا اور مستقبل میں آگے بڑھنے کے لئے بہترین جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کا ویژن ہے کہ سپیشل پرسنز کو وہ تمام سہولیات دستیاب ہوں جو دیگر کے لئے ہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر سرگرمیوں کی طرح کھیلوں میں بھی سپیشل پرسنز کی بھر پور نمائندگی ہے۔انہوں نے چولستان کرکٹ لیگ کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے کا چیک بھی انتظامیہ کو فراہم کیا۔چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ضلع رحیم یار خا ن میں بلائنڈ کرکٹ ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے60کی دہائی سے بلائنڈ کرکٹ کا پاکستان میں آغاز ہوا اور پہلی مرتبہ1998کے بلائنڈ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اب تک پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم 15انٹر نیشنل سیریز کھیل کر13میں فتح سے ہمکنار ہوئی ہے اور دو ورلڈ کپ بھی اپنے نام کئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دی جسے آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی ہدایت پر ضلع میں تمام کھیلوں کو یکساں ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ خصوصی افراد کے لئے بھی سپورٹس کیلنڈرز تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چولستان بلائنڈ کرکٹ ٹرافی میں لاہور، پشاور، اسلام آباد اور بہاولپور کی ٹیمیں شریک ہیں اور ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کھلاڑیوں کے طعام و قیام سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل پاکستان سید سلطان شاہ ودیگر کے ہمراہ عباسیہ سپورٹس کمپلیکس میں گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
Load/Hide Comments