17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضامن ہے”

بہاول پور(11/فروری ) 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضامن ہے اوراس سپورٹس ایونٹ میں ملک بھر سے ریسرز کی شرکت اور دنیا بھر سے سیاحوں کا اس ریلی کو دیکھنے کے لئے آنا اورپھرپرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اس خوبصورت ایونٹ کو دنیا بھر میں وائرل کرنے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے آج یہاں 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی تقریبات کے سلسلہ میں بہاول جم خانہ کے زیر اہتمام دلوش اسٹیڈیم ڈیراور کے مقام پر ٹینٹ پیگنگ (نیزہ بازی) کے منعقدہ مقابلہ جات کے موقع پربحیثیت مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر بہاول پور شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، ضلعی انتظامیہ، ممبران بہاول جم خانہ، ضلع کونسل و سپورٹس افسران سمیت سیاحوں اور مقامی عمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں پہلی بارٹینٹ پیگنگ جیسے مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شاندار ریس، رنگا رنگ ثقافتی تقریبات اور دیگر تفریحی سرگرمیاں دیکھنے کا موقع مل رہا ہے جو خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی جیسے میگاایونٹ کے موقع پر اسی طرح کے صحت مندانہ مقابلہ جات کے انعقاد کی ہماری نوجوان نسل کو سخت ضرورت ہے جس سے ان کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کونکھارنے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں دیگر رنگا رنگ ثقافتی تقریبات کے ساتھ ساتھ ٹینٹ پیگنگ، کبڈی، رسہ کشی، کشتیاں، والی بال اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹینٹ پیگنگ مقابلہ میں بہترین نظم و ضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا ہے۔یاد رہے کہ ٹینٹ پیگنگ مقابلہ جات میں صادق پبلک سکول بہاول پور کے رائیڈنگ کلب کے طلباء و طالبات اور ایشیا ٹینٹ پیگنگ کلب نے بھی شرکت کی۔ٹینٹ پیگنگ مقابلہ کے موقع پر شائقین اور سیاحوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔مقابلہ جات کے اختتام پر کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ٹینٹ پیگنگ مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔

چیئرمین ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل چیمہ نے17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے سلسلے میں دلوش اسٹیڈیم چولستان کے مقام پر پری پیئرڈکیٹگری گاڑیوں کی ریس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر جنرل منیجر ٹی ڈی سی پی توقیر عباس کا ظمی، صاحبزادہ فیض الرشید عباسی اور شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔چیئرمین ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل چیمہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم کے فروغ کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی سے علاقے کی تاریخ اور ثقافت اجاگر ہوگی۔یاد رہے کہ پری پیئرڈکیٹگری میں 39گاڑیوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پری پیئرڈکیٹگری کا پہلا راؤنڈ 231 کلومیٹر فاصلہ پر محیط ہے۔انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سپورٹس سرگرمیوں اور نیزہ بازی کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ دلوش اسٹیڈیم کے مقام پر شاندار ٹریڈ میلہ کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر دلوش اسٹیڈیم ڈیراور کے مقام پر والی بال کے مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ان مقابلہ جات میں بہاول پور کے بادشاہ ٹائیگرز اور یزمان کے یزمان سٹارزنے حصہ لیا۔والی بال مقابلہ میں بہاول پور کے بادشاہ ٹائیگرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ مقابلہ صفر کے مقابلہ میں دو سیٹ سے جیت لیا۔اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، جنرل سیکرٹری بہاول جم خانہ ڈاکٹر اویس نظامی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، پاکستان بھر سے آئے ہوئے سیاحوں اور مقامی عمائدین و شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔

17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر دلوش اسٹیڈیم ڈیراور کے مقام پربہاول پور اور یزمان کی ٹیموں کے مابین کبڈی کے شاندار مقابلہ جات کا انعقادکیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، جنرل سیکرٹری بہاول جم خانہ ڈاکٹر اویس نظامی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، سابق چیمپئن انور گورایہ،پاکستان بھر سے آئے ہوئے سیاحوں اور مقامی عمائدین و شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔کبڈی مقابلہ جات میں بہاول پور کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔
٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں