سرکاری افسران ہو جائیں ہوشیار،وزیر اعلی عثمان بزدار نے آن لائن دفاتر کے وزٹ شروع کردیے

سرکاری افسران ہو جائیں ہوشیار،وزیر اعلی عثمان بزدار نے آن لائن دفاتر کے وزٹ شروع کردیے

وزیر اعلی کا اپنے آفس سے رجسٹری برانچ ڈیرہ غازی خان کا ”آن لائن وزٹ“

آفس میں غیر موجودگی اور عہدے کا بروقت چارج نہ لینے پر سب رجسٹرار عمران حمید معطل
سی ایم آفس سے ”آن لائن وزٹ“ کرتے ہوئے رجسٹری برانچ میں موجود شہریوں سے بات چیت
وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہریوں سے رجسٹری اور دیگر امور پر پیسے مانگنے کے بارے میں بھی دریافت کیا
شہریوں کی شکایت پر ڈیرہ غازی خان کے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو رجسٹری برانچ میں طلب کر لیا
کسی بھی شہر کے کسی بھی دفتر کا کسی بھی وقت ”آن لائن وزٹ“ کر کے روزانہ خود جائزہ لوں گا:عثمان بزدار

لاہور21 اکتوبر:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے آفس سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سسٹم کے ذریعے اچانک رجسٹری برانج ڈیرہ غازی خان کا ”آن لائن وزٹ“ کیا- سب رجسٹرار آفس میں غیر موجودگی اور عہدے کا بروقت چارج نہ لینے پر سب رجسٹرار عمران حمید کو معطل کرنے کا حکم دے دیا-وزیر اعلی نے سی ایم آفس سے رجسٹری برانچ ڈیرہ غازی خان کا ”آن لائن وزٹ“ کرتے ہوئے شہریوں سے سرائیکی میں بات چیت کی- وزیر اعلی عثمان بزدار سے اچانک رابطے پر رجسٹری برانچ میں موجود شہری حیران ہوگئے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہریوں سے رجسٹری اور دیگر ریونیو امور پر سرکاری ملازمین کی طرف سے پیسے مانگنے کے بارے میں بھی دریافت کیااور کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا ملازم نے شہریوں سے پیسے لئے تو اس کی خیر نہیں ہو گی – ڈیرہ غازی خان کے ایک شہری شاہد رسول نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے سب رجسٹرار سٹی کا تبادلہ ہو چکا ہے لیکن ابھی تک نئے سب رجسٹرار نے آکر ابھی تک چارج نہیں لیا – ہم بیان کروانے آئے ہوئے ہیں، چار پانچ گھنٹے گزر چکے ہیں، بیٹھے ہیں، نئے سب رجسٹرار کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے دقت کا سامنا ہے – ایک شہری غلام صدیق خان نے بتایا کہ رجسٹری کروانا چاہتے ہیں، کئی دنوں سے آرہے ہیں مگر متعلقہ افسر موجود نہیں ہو تا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے معاملے کا جائزہ لیا اور بروقت اپنے عہدے کا چارج نہ لینے پر سب رجسٹرار عمران حمید کو معطل کرنے کا حکم دے دیا- وزیر اعلی نے شہریوں کی شکایت کے فوری ازالے کیلئے ڈیرہ غازی خان کے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو رجسٹری برانچ میں طلب کر لیا اور ”آن لائن“ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے دفتر سے نکلیں، فوری طور پر رجسٹری برانچ پہنچیں، عوام بہت پریشان ہیں –

وزیر اعلی نے ڈپٹی کمشنر کو رجسٹری برانچ میں موجود تمام لوگوں کے زیر التواء امور کو فوری طور پر نمٹانے کا حکم دیا اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روزانہ صوبے کے کسی بھی شہر کے کسی بھی دفتر کا کسی بھی وقت ”آن لائن وزٹ“کر کے جائزہ لوں گا – عوام کے مسئلے یہاں بیٹھ کر خود حل کرواؤں گا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے زیر التواء کیسز کو فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت کی-
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں