رحیم یارخان ( ) ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن(ر) دوست محمد نے کہا ہے کہ غفلت، لاپرواہی اور کسی بھی شہری کی غیر قانونی حراست ناقابل قبول ہے، تھانہ کا ریکارڈ آپ ڈیٹ رکھا جائے، صفائی یقینی بنائی جائے، تفتیش میں میرٹ اور انصاف کی بالادستی قائم رکھی جائے۔ گشت کو موئثر بنائیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ سٹی صادق آباد کے دورہ کے دوران اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا، گزشتہ روز ایس پی انوسٹی گیشن دوست محمد دفتر امور نمٹانے کے بعد اچانک سیدھے تھانہ سٹی صادق آباد جا پہنچے اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی صادق آباد بھی تھانہ پر آ گئے جہاں پر ایس پی دوست محمد نے حوالات چیک کرتے ہوئے وہاں موجود حوالاتیوں کے بارہ میں ریکارڈ طلب کیا اور اس کی تصدیق کی جو کہ درست پائی گئی، وہ فرنٹ ڈیسک گئے جہاں پر انہوں نے مختلف ایپس کی آپ ڈیٹس چیک کیں اور دیگر امور کے بارہ میں پی ایس اے سے سوالات کیے،
انہوں نے تھانہ کے اسلحہ خانہ، محرر روم، وائرلیس روم، تفتیشی افسران اور دیگر حصوں کا بغور جائزہ لیا اور اس موقع پر ایس پی دوست محمد نے ڈی ایس پی زبیر بنگش سے میٹنگ کی اور ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ امور میں غفلت، لاپرواہی اور کسی بھی شخص کی بلا جواز حراست کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی، اس لیے قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں، انہوں نے کہا کہ تھانہ میں صفائی کا خاص اہتمام رکھیں، ریکارڈ مینٹین ہونا چاہیے اور خاص طور پر مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر یکسوئی یقینی بنا کر پولیس کے اینڈ سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، انہوں نے اس موقع پر حکم دیا کہ مقدمات میں مطلوب ملزمان ، مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفروران کی گرفتاری یقنی بنائی جائے
انہوں نے کہا کہ علاقہ تھانہ سے جرائم کے خاتمے کے لیے سرگرم رہیں اور سرکل کے تمام تھانہ جات باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد کرتے رہا کریں انہوں نے گشت کے نظام کو مزید موئثر بنانے کی بھی ہدایت کی، اس موقع پر ڈی ایس پی محمد زبیر بنگش نے کہا کہ ان کی ہدایات پر عمل درآمد جاری ہے اور آئندہ بھی اسے یقینی بنایا جائے گا۔
Load/Hide Comments