خواجہ فرید یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن،سیکڑوں طلبہ کو اسناد عطا کی گئیں
رحیم یار خان() خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پہلے کانووکیشن کا انعقادکیاگیاجس کی صدارت وائس چانسر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کی جب کہ مہمانان اعزاز میں وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، وائس چانسلر سر صادق وومن کالج یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر صائقہ امتیاز آصف، رکن قومی اسمبلی جاوید اقبال وڑائچ، کمانڈر چولستان برگیڈیئر عدنان دانش، صدر چیمبر آف کامرس جاوید ارشاد، ریذیڈنٹ منیجرایف ایف سی برگیڈیئرریٹائرڈ طلعت محمود شامل تھے۔
تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے یونیورسٹی میں کئے گئے تمام علم دوست اقدامات کی تفصیل بھی بتائی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ یوینورسٹی کا چارج سنبھالا تو جامعہ کے کئی معاملات توجہ طلب تھے اور مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا تھا۔ یونیورسٹی کا معاشی بحران ختم کرنے کے لیے انتھک محنت کی، گزشتہ دوسالوں میں یونیورسٹی نے نہ صرف تیز رفتار ترقی کی بلکہ یونیورسٹی کوجامع اور مربوط پالیسیز پرعملدرآمد کی بدولت معاشی استحکام بھی حاصل ہوا۔ خواجہ فرید یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد 8ہزار سے بڑھ کر 16ہزارکا ہندسہ عبور کرچکی ہے،ترقیاتی کاموں کی جون میں تکمیل کے بعد یہ تعداد 25ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا ہمارا مقصد طلباء اور طالبات کو معیاری اور نتیجہ خیز تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحات نہ صرف طلبہ اور والدین کیلئے فخر کا باعث ہیں بلکہ پوری انتظامیہ اور اساتذہ بچوں کی کامیابی پر پرجوش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی انٹرنیشنل گرین میٹرک رینکنگ میں پبلک سیکٹرانجنیئرنگ یونیورسٹیز کی درجہ بندی میں پہلے ، ملک بھر کی سرکاری و غیر سرکاری جامعات میں چھٹے، جنوبی ایشیا کی جامعات میں 13ویں جب کہ دنیا بھر کی یونیورسٹیز میں 234ویں نمبر پرآچکی ہے۔انہوں نے کامیاب طالب علموں اور ان کے والدین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ کانووکیشن میں تمام شعبہ جات کے اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو میڈلز پہنائے گئے جب کہ مجموعی طورپر750 سے زائد طلبہ و طالبات کواسناد عطا کی گئیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے کانووکیشن کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کو مبارکباد پیش کی۔ ایم این اے جاوید وڑائچ اور دیگر کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کی جامعہ کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، جس طرح وہ اس خطے کی نوجوان نسل کے مستقبل کیلئے اقدامات کررہے ہیں وہ لائق داد و تحسین ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر صائقہ امتیاز نے انتظامات کو سراہا جب کہ دیگر مہمانوں نے بھی جامعہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔
کانووکیشن میں ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر صغیر احمد ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شاہد عتیق، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز اسلم خان سمیت تمام شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبرز،بار ایسوسی ایشن کے ممبرز، چیمبر آف کامرس کے ممبرز، ممبران پریس کلب، طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Load/Hide Comments