چولستانیوں کے مسکن کے نزدیک ضلعی انتظامیہ کے ریلیف کیمپس قائم “

رحیم یار خان( )وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے احکامات پر ضلع سے ملحقہ چولستانی ایریا کے مکینوں اور ان کے مال مویشیوں کو گرمی کی شدت،پانی و خوراک کی قلت سے محفوظ رکھنے کے لئے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کی ہدایات پر دو تحصیلوں خانپور اور لیاقت پور کے چولستانی علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے۔

ریلیف کیمپس میں ادویات، خوراک، پینے کا صاف پانی، او آر ایس سمیت ضرویات زندگی کی دیگر اشیاء موجود ہیں جبکہ یہ ریلیف کیمپس24گھنٹے کام کریں گے۔ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے بتایا کہ ضلع کی دوتحصیلوں میں چولستانیوں کو گرمی و پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی حدود میں 90فیصد اندرون چولستان میں مقیم خاندان اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے ہیں جبکہ چولستانیوں کے مسکن کے نزدیک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں اور ریلیف کیمپس سے چولستانی مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے چولستانیوں کے مویشیوں کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے جبکہ اندرون چولستان سے باہر آبادہونے والے چولستانیوں کی سہولت کے لئے واٹر باؤزر سے صاف پانی انہیں گھروں کی دہلیز پر پہنچایا جا رہا ہے جبکہ مویشیوں کے لئے عارضی ٹوبہ جات بنا کر ان میں پانی چھوڑا جا رہا ہے تاکہ مویشی سیر ہو کر پانی پی سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چولستانی خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے اور ان کی پریشانیوں کو فوری مداوا کیا جا رہا ہے جبکہ چولستانیوں کی سہولت کے لئے قائم کئے گئے ریلیف کیمپس بھی24گھنٹے فعال ہیں جہاں پر ریسکیو1122، محکمہ صحت، مال، لائیو سٹاک، پولیس اور دیگر محکمے تمام تر افرادی قوت، مشینری اور سامان کے ساتھ موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں