رحیم یار خان() خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں صحافت کی اہمیت سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں رحیم یار خان پریس کلب کے صدر جاوید چودھری ، سابق صدر قیصر غفور ، جنرل سیکرٹری بلال حبیب اور سینئر صحافی عاصم صدیق نے خصوصی شرکت کی۔
سیمینار کا انعقاد ڈیپارٹمنٹ آف ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز کی جاب سے کیا گیا ۔ ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اسٹڈیز کے کوآرڈینیٹر آکاش ارشد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ پریزنیٹیشن دی اور یونیورسٹی کے میڈیا کلب کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب رحیم یار خان کے صدر جاوید اقبال چودھری کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ریاستیں اطلاعات پر کنٹرول رکھنے کیلئے مختلف قوانین کا نفاذ کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں مختلف اوقات میں قانون سازی اور ترامیم کی جاتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے ہمارا ملک صحافیوں کے لئے خطرناک ممالک میں شامل ہےتاہم صحافی مقدمات اور مشکلات کے باجود اپنا مشن جاری رکھتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ صحافت سے متعلق قوانین سے آگاہی رکھیں۔ خبر کے لوازمات پورے کریں اور دونوں جانب کے موقف کو شامل کریں۔
چولستان ٹائمز رحیم یار خان کے ایڈیٹر اور سابق صدر پریس کلب رحیم یار خان قیصر غفور کا کہنا تھا کہ کسی بھی ریاست میں صحافت کی اہمیت سے انکار ممکن ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کیونکہ صحافی کا کام سچ بولنا اور حق کا پرچار کرنا ہوتا ہے اس لئے اسے کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ قیصر غفور کا کہنا تھا کہ میڈیا بظاہر ایک پرکشش شعبہ محسوس ہوتا ہے لیکن یہ ایک پرخار اور مشکلات سے بھرا سفر ہے اور اس میں سچ بولنے کی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری بلال حبیب کا کہنا تھا کہ ایک صحافی کو غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ اسے چاہئے کہ وہ خبر دیتے وقت تمام اصول و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھے۔ خبر کے تمام پہلووں کا جائزہ لے، اپنے جذبات خبر میں شامل کرنے سے گریز کرے ۔ انہوں نے صحافتی ضوابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ مقررین نے خواجہ فرید یونویرسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف مامس کمیونیکیشن کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور طلبہ و طالبات کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ آخر میں معزز مہمانوں کو شیلڈز سے نوازا گیا جب کہ شرکا میں سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
Load/Hide Comments