فضائیہ میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کا ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں انعقاد”

فضائیہ میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کاائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں انعقاد

23 جون 2022: فضائیہ میڈیکل کالج اسلام آباد کیمپس کے پہلے MBBS بیچ کا پہلا کانووکیشن ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے مین آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے یونیورسٹی کے پروفیشنل امتحانات میں بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے نوازا۔ طلباء جنہوں نے ہر مضمون میں اعلیٰ نمبر حاصل کیئےانہیں بھی طلائی تمغوں سے نوازا گیا۔ جبکہ ڈاکٹر سعد اظہر ملک ایم بی بی ایس میں 20 تمغے حاصل کرکے بہترین گریجوایٹ قرار پائے. ائیر چیف نے میڈیکل گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس یادگار دن پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر فضائیہ میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فضائیہ میڈیکل کالج اسلام آباد میں دی جانے والی تعلیم کے اعلٰی معیار کو سراہا۔ انہوں نے اس امر کا اظہار بھی کیاکہ فضائیہ میڈیکل کالج کو صف اول کے میڈیکل کالجوں کی فہرست میں شامل رہنے کے لیے تعلیم کی ایسی جدید تدریسی حکمت عملیوں کو شامل کرنا ہو گا جو پیچیدہ طبی علوم کی وضاحت میں مددگار ثابت ہوں۔ ائیر چیف نے کہا کہ “نینو ٹیکنالوجی، روبوٹک سرجری، پرسنلائیزڈ میڈیسن اور وسیع سپیکٹرم آرگن ٹرانسپلانٹ آج کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی پہچان ہیں” ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیکل گریجویٹس کو صحت کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے علم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

اس تقریب میں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام، سول سوسائٹی کے سینئر اراکین، میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرائیویٹ و سول میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز اور طلباء کے والدین نے بھی شرکت کی۔

“ترجمان پاک فضائیہ”

اپنا تبصرہ بھیجیں